کیا کسی کو صرف کرمنل ریکارڈ رکھنے کے جرم میں سفری سہولیات سے محروم رکھ سکتے ہیں ،سندھ ہائی کورٹ

جو ملک سے باہر ملک کی ناموس کی توہین کر رہے ہیں ان کیخلاف کیا قانون بنایا گیا لوگ سعودیہ دبئی و خلیجی ممالک میں بھیگ مانگتے ہیں،عدالت عالیہ

جمعہ 27 جون 2025 17:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)سندھ ہائیکورٹ نے منشیات کے مقدمے میں نامزد ملزم کو بیرون ملک جانے سے متعلق ٹرائل کورٹ کے فیصلے کیخلاف اے این ایف کی اپیل پرریماکس دیئے ہیں کہ کیا کسی کو صرف کرمنل ریکارڈ رکھنے کے جرم میں سفری سہولیات سے محروم رکھ سکتے ہیں ۔جمعہ کو سندھ ہائیکورٹ میں منشیات رکھنے کے مقدمے میں نامزد ملزم کا بیرون ملک جانے سے متعلق ٹرائل کورٹ کے فیصلے کیخلاف اے این ایف کی اپیل پر سماعت ہوئی۔

وکیل صفائی نے موقف دیا کہ ملزم شعبان اپنی اہلیہ سے ملنے بنگلادیش جانا چاہتے ہیں۔ ان کی ایک اہلیہ اور 2 بچے بنگلادیش میں مقیم ہیں۔بنگلادیش میں اہلیہ کی طبعیت انتہائی ناساز ہے۔ ٹرائل کورٹ نے بھی جانے کی اجازت دی تھی۔ لیکن اے این ایف جانے نہیں دے رہا۔

(جاری ہے)

درخواستگزار کی ایک بیوی اور دیگر بچے پاکستان میں ہی ہیں۔ عدالت نے اے این ایف پر برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جو ملک سے باہر ملک کی ناموس کی توہین کر رہے ہیں ان کیخلاف کیا قانون بنایا گیا لوگ پاکستان سے جاکر سعودیہ دبئی و خلیجی ممالک میں بھیگ مانگتے ہیں۔ ان لوگوں کی وجہ سے ملک کا نام بدنام ہو رہا ہے۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ بتائیں ایسے لوگوں کیلئے پاکستان میں کوئی قانون بنایا گیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کسی کو صرف کرمنل ریکارڈ رکھنے کے جرم میں سفری سہولیات سے محروم رکھ سکتے ہیں اے این ایف نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل واپس لے لی۔