Live Updates

دنیا میں ظلم و جبر کا نظام اپنے زوال کی جانب بڑھ رہا، راشد نسیم

جمعہ 27 جون 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ دنیا میں ظلم و جبر کا نظام اپنے زوال کی جانب بڑھ رہا ہے، جبکہ مظلوموں اور کمزوروں کے ابھرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔ ڈیڑھ سال قبل غزہ میں مجاہدینِ حماس نے نصف صدی سے جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف تاریخی مزاحمت کی، جس نے حق و باطل کی کشمکش کو ایک نئے موڑ پر پہنچا دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈرل بی ایریا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علاقہ ناظم توصیف اقبال، یوسی چیئرمین، نائب چیئرمین، دیگر کونسلر حضرات اور مقامی افراد نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔راشد نسیم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی حالیہ کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان نے بھارت کے نام نہاد ''ریجنل پاور'' کے تصور کو خاک میں ملا دیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح ایران اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی جنگ میں ایران نے اسرائیل کی ناقابل تسخیر ہونے کی غلط فہمی کو چکناچور کر دیا، باوجود اس کے کہ امریکہ اس کی پشت پناہی کر رہا تھا۔راشد نسیم نے کہا کہ اگر دیگر مسلم ممالک بھی ایران کا ساتھ دیتے تو ممکن تھا کہ اسی سال اسرائیل کا خاتمہ ہو جاتا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ مسلم اُمت اپنی فکری، اخلاقی اور روحانی اصلاح کرے، اور دین فطرت، اسلام کی طرف لوٹے۔ اہل ایمان کو چاہیے کہ وہ اللہ اور اس کے رسولؐ پر مکمل اعتماد رکھتے ہوئے مغربی تہذیب سے مرعوب نہ ہوں، اور اپنی سیرت و کردار کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات