شہباز شریف سے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کی ملاقات، نام ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارکباد

حکومت کھیل کے ہر میدان میں میرٹ کی بنیاد پر ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے، وزیراعظم

جمعہ 27 جون 2025 21:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کھیل کے ہر میدان میں میرٹ کی بنیاد پر ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے، کرکٹ سمیت کھیل کے ہر میدان میں مرد و خواتین کو یکساں مواقع اور سہولیات دینا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور ممتاز کرکٹر ثنا میر نے ملاقات کی ، وزیراعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ہال آف فیم میں ثنا میر کا نام شامل ہونے پر انہیں مبارکباد دی، اور پاکستان بطور کپتان کارکردگی کو سراہا۔

شہباز شریف نے کہا کہ آپ کی زیر قیادت پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا، امید ہے آپ اپنے تجربے سے نئے ٹیلنٹ کو کرکٹ کے حوالے سے تربیت فراہم کرنے میں فعال کردار ادا کریں گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کھیل کے ہر میدان میں میرٹ کی بنیاد پر ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے، کرکٹ سمیت کھیل کے ہر میدان میں مرد و خواتین کو یکساں مواقع اور سہولیات دینا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ثنا میر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میری پوری کوشش ہے کہ ورلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن اور آئی سی سی میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کروں۔