Live Updates

بھارت شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس میں مزید عالمی تنہائی کا شکار ہوا، سردار مسعود خان

ْبھارت کے مؤقف کو روس، چین، ایران، قازقستان، تاجکستان اور دیگر رکن ممالک نے مسترد کر دیا،بھارت کے عسکری نظریات خطرناک، اس کے عزائم مذموم ہیں، وہ خوف اور طاقت کے ذریعے خطے میں بالادستی چاہتا ہے، ٹی وی نیٹورک کو انٹرویو

ہفتہ 28 جون 2025 17:55

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء) آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت کی یہ کوشش ہے کہ وہ خود کو دہشتگردی کا شکار ظاہر کرے لیکن دہشت گردی اب الٹا اُس کے خلاف ہی ثابت ہورہی ہے۔ دنیا اب انتہا پسند ہندوتوا حکومت کا وہ چہرہ دیکھ چکی ہے جو پرتشدد نظریات کو دنیا میں منتقل کرتا ہے، خطے میں تقسیم کو ہوا دیتا ہے اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاًخلاف ورزی کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک معروف ٹی وی نیٹ ورک کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا، جس میں انہوں نے بھارت کی حالیہ سفارتی ناکامی پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے حالیہ سربراہی اجلاس میں بھارت کے بیانیے کو علاقائی طاقتوں کی جانب سے پذیرائی نہ ملنے کو بھارت کی سفارتی تنہائی کا بین ثبوت قرار دیتے ہوئے سردار مسعود خان نے واضح کیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی بنیاد اتفاق رائے پر ہے اور اگر کوئی رکن ریاست کے کسی مؤقف سے اتفاق نہ کرے تو وہ مؤقف مشترکہ اعلامیے کا حصہ نہیں بن سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کے مؤقف کو روس، چین، ایران، قازقستان، تاجکستان اور دیگر رکن ممالک نے مسترد کر دیا جو اس بات کا غماز ہے کہ عالمی برادری اب بھارت کے منفی اور دوغلے کردار سے باخبر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا بھارت نے ایس سی او کے بنیادی اصولوں یعنی دہشتگردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ کے تناظر میں اپنی پوزیشن کو مضبوط بنانے کی کوشش کی لیکن بھارت کی حکمران جماعت خود مذہبی انتہا پسندی اور فاشزم کی پرچارک ہے جس نے بھارتی معاشرے میں انتہا پسندی، مذہبی منافرت اور اقلیتوں کے خلاف نفرت کو پروان چڑھایا ہے۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کی پالیسیاں شدت پسندی پر مبنی ہیں اور دہشتگردی کے خلاف اس کے بیانیے سے بالکل متصادم ہیں۔انہوں نے کینیڈا میں بھارتی مداخلت اور دہشتگردانہ سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجرکے قتل اور امریکہ میں بھارتی ایجنٹوں کی گرفتاری نے بھارت کی بین الاقوامی دہشتگردی میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد فراہم کیے ہیں۔

انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ اب دنیا بھارت کی طرف سے دھشت گردی کی رام کہانی اسلئے بھی سننے کے تیار نہیں کیونکہ بھارت پاکستان کے خلاف دھشت گردی بھی کرتا ہے اور پاکستان پر دہشت گردی کا الزام بھی لگاتا ہے جو الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مترادف ہے۔ اب دنیا اس کی رام کہانی پر یقین کرنے کے لئے تیار نہیں۔سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت جس طرح جوہری ہتھیاروں اور دہشتگردی کے باہمی تضاد کی بات کرتا ہے وہ دراصل خود اسی تضاد کی جیتی جاگتی مثال ہے۔

انہوں نے کہا بھارت کے عسکری نظریات خطرناک اور اس کے عزائم مذموم ہیں کیونکہ وہ خطے میں خوف اور طاقت کے ذریعے بالادستی چاہتا ہے۔ پاکستان کے بردباری اور حقائق پر مبنی سفارتی مؤقف کو سراہتے ہوئے سردار مسعود نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک نے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو کر بھارت کی من گھڑت کہانیوں کو مسترد کیا۔بھارت نہ صرف اپنا بیانیہ بیچنے میں ناکام رہا، بلکہ اس نے اپنے آپ کو ایک تخریبی قوت کے طور پر بھی بے نقاب کر دیا۔

سابق صدر نے اپنے انٹرویو کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن، استحکام اور ذمہ دارانہ ریاستی کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ عالمی سطح پر بھارت کی جھوٹی پروپیگنڈا مہم کو بے نقاب کرنے اور سچائی پر مبنی بیانیے کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری رکھے۔ سردار مسعود خان کا یہ انٹرویو پالیسی سازوں اور علمی حلقوں میں وسیع پیمانے پر سراہا گیا، اور اسے پاکستان کے قومی مؤقف کی واضح اور مؤثر ترجمانی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات