کراچی سمیت اندرون سندھ تمام اضلاع میں عزاداری امام حسینؓ کے اجتماعات کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے ،مجلس وحدت مسلمین سندھ

شہر میں جگہ جگہ مون سون بارشوں کے بعد موجود کچرے کے ڈھیر اور سڑکوں پر بہتے بارش اور سیوریج کے گندے پانی کی صفائی کا فی الفور انتظام کیا جائے،علامہ باقر عباس زیدی

ہفتہ 28 جون 2025 21:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے مہینے میں نواسہ پیغمبر اکرمﷺ سید الشہدا حضرت امام حسین اور ان کے ساتھ باوفا ساتھیوں اور آپ کے اہل و عیال نے دین مبین اسلام کی بقا کی خاطر وقت کے یزید فاسق و فاجر حکومت کے خلاف قیام کرتے ہوئے راہ خدا وندی میں اپنی اور اپنے اہل و عیال کے ہمراہ قربانی پیش کی تا کہ رسول اکرمﷺکا تعارف کردہ اسلام انحرافات اور خرافات سے محفوظ رہ سکے۔

ان خیالات کا اظہار گلستان سوسائٹی عشرہ محرم الحرام کی دوسری مجلس عزا سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہاکہ محرم الحرام1447 ہجری کی آمد کے ساتھ دنیا بھرکے گوشہ و کنار میں نواسہ رسول اکرم سید الشہدا حضرت امام حسینؓ اور آپ کے با وفا ساتھیوں اور اہل و عیال کی قربانی کی یاد منانے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ، سرزمین پاکستان پر بھی دنیا بھر کی طرح عاشقان رسول نواسہ رسول کی شہادت اور آپ کے باوفا اور جانثار ساتھیوں او ر اہل و عیال کی قربانی کی یاد منانے کے لئے آمادہ ہو چکے ہیں انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے سید الشہدا کی یاد اور عزاداری کے اجتماعات کو حتمی شکل دے رہے ہیں تا کہ پیغمبر گرامی قدر حضرت محمد مصطفیاور خاتون جنت سیدہ فاطمة الزہراؓ کو ان کے فرزند ارجمند حضرت امام حسین ؓ اور باوفاساتھیوں اور اہل و عیال کا پرسہ پیش کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی عاشقان مصطفی و عاشقان اہلبیت قیام پاکستان سے قبل اور پاکستان کے قیام کے بعد سے سید الشہدا کی یاد مناتے آئے ہیں اور یہ سلسلہ پوری مذہبی عقیدت اور جوش و جذبہ کے ساتھ آج بھی جاری و ساری ہے۔لیکن افسو س کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ گذشتہ تین دہائیوں سے مملکت خدداد پاکستان میں ملک دشمن اور اسلام دشمن قوتیں جہاں مملکت کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہیں وہاں عزاداری سید الشہدا کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنا کر سید الشہدا اور ان کے باوفا ساتھیوں اور اہل و عیال کی اسلام کی خاطر پیش کی جانے والی عظیم قربانیوں کو فراموش کرنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے حکومت بھی ان دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر کراچی سمیت اندرون سندھ تمام اضلاع میں عزاداری نواسہ رسول امام حسینؓ کے اجتماعات کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے ۔ہم وزیرا علی سندھ اور شہر کراچی کی انتظامیہ سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر میں جگہ جگہ مون سون بارشوں کے بعد موجود کچرے کے ڈھیر اور سڑکوں پر بہتے بارش اور سیوریج کے گندے پانی کی صفائی کا فی الفور انتظام کیا جائے،انہوں نے کہا کے ایام عزا کا آغا ہوچکا ہے اور حکومت سندھ اور شہری انتظامیہ کی جانب سے صفائی اور ستھرائی کے حوالے سے کئے گئے تمام تر اعلانات ابھی تک صرف اعلان ہی ہیں جبکہ عملی اقدامات انجام نہیں دئیے گئے جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیںانہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کی جانب سے ماہ محرم الحرام سے ایام عزا کے آغاز کے سلسلہ میں عزاداری ونگ کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔

عزاداری ونگ کراچی کی ذمہ داری برادر رضی حیدر رضوی انجام دیں گے۔عزاداری ونگ شہر بھر میں عزاداری سے متعلق معاملات کی 24/7مانیٹرنگ کرے گا اور پولیس سمیت رینجرز اور دیگر اداروں کے ساتھ انتظامی معاملات میں بھی کو آرڈی نیشن قائم کرے گا۔