پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے سینئر رہنماوں کا ایک اہم و ہنگامی اجلاس

ہفتہ 28 جون 2025 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے سینئر رہنماوں کا ایک اہم و ہنگامی اجلاس ہفتہ کو اسلام آباد میں صدر جماعت شاہ غلام قادر کی صدارت میں منعقد ہوا، جو پانچ گھنٹے تک جاری رہا ۔ جس میں آزاد جموں و کشمیر کی آئینی، سیاسی، انتظامی اور جماعتی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

صدر جماعت شاہ غلام قادر نے اجلاس کے شرکاء کو وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا، جس میں وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام اور مشیر وزیر اعظم رانا ثناء اللہ خان بھی شریک تھے۔ اس ملاقات میں طے پانے والے اہم امور پر شرکاء کو اعتماد میں لیا گیا۔اجلاس میں سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان، راجہ مشتاق منہاس، چوہدری طارق فاروق، ڈاکٹر نجیب نقی خان اور بیرسٹر افتخار گیلانی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے وزیر اعظم پاکستان سے شاہ غلام قادر کی ملاقات کو بروقت، مؤثر اور خوش آئند قرار دیا، اور اس پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر صدر جماعت نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر ایک منظم، متحد اور فعال جماعت ہے، جو آئندہ عام انتخابات میں بھرپور سیاسی قوت کے ساتھ حصہ لے گی اور شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔اجلاس میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ صدر مسلم لیگ( ن) میاں محمد نواز شریف کی قیادت اور وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی رہنمائی میں جماعت اپنی سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور تیزی لائے گی۔

آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے لیے مسائل کے حل اور تعمیر و ترقی کے ایک واضح اور قابلِ عمل روڈ میپ کا اعلان جلد کیا جائے گا ۔ مہاجرین مقیم پاکستان اور آزاد جموں کشمیر میں سیاسی اکابرین اور رہنماؤں سے جماعتی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے رابطوں کو حتمی شکل دی جائے گی اور اس کی رپورٹ جلد از جلد جماعت کی مرکزی لیڈر شپ تک بھجوائی جائے گی ۔چند دنوں تک جو اہم فیصلے ہونے جا رہے ہیں اس بارے بہت جلد جماعتی عہدیداران ، کارکنان اور ساتھیوں کو صدر جماعت آگاہ کریں گے۔