ظ*مریم اورنگزیب کا وزیراعظم کو خراج تحسین، معیشت کی بہتری کو بڑی کامیابی قرار

م*پاکستان دنیا کی تیزی سے بہتری کی جانب گامزن معیشت بن گیا، ڈیفالٹ رسک بھی کم ہوا مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی، ریکارڈ ترسیلات اور اسٹاک مارکیٹ میں تاریخی بہتری

اتوار 29 جون 2025 20:20

;لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2025ء) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پاکستان کی معیشت میں بہتری پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کی سب سے تیزی سے بہتر ہونے والی معیشت بن چکا ہے۔اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا اور مضبوط معاشی بنیاد فراہم کی، جو موجودہ کامیابیوں کا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الحمدللہ، ڈیفالٹ کے کنارے کھڑا ملک آج محفوظ ہو چکا ہے، پاکستان کا ڈیفالٹ رسک 59 سے کم ہو کر 47 پر آنا وزیراعظم کے کامیاب اقدامات کی گواہی ہے۔سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے، جبکہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد پر آ گیا ہے، جو معیشت کی استحکام کی علامت ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں ریکارڈ ترسیلات زر اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی بلند ترین سطح پر پہنچنا اس بات کا ثبوت ہے کہ معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔انہوں نے قوم کو اس پیش رفت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح اور معیشت کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس میں وزیراعظم کی قیادت فیصلہ کن ثابت ہوئی ہے۔