مودی تقریروں میں جمہوریت کے چیمپئن بنتے ہیں اور عملی طور پر اختلاف رائے کو دبارہے ہیں، حریت کانفرنس

مودی عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف بات کرتے ہیں لیکن مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کررہے ہیں

پیر 30 جون 2025 14:30

ْسرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے بین الاقوامی سطح پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی بیان بازی اور مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت میں اقلیتوں کے حوالے سے عملی اقدامات کو کھلی منافقت قراردیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف بات کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کررہے ہیں اور پاکستان کے خلاف جارحانہ پالیسیوں کی حمایت کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا بیرون ملک مودی کی دہشت گردی کے خلاف بیان بازی چھاپوں، نظربندیوںاور جبری گمشدگیوں کے ذریعے معصوم کشمیریوں کے خلاف پھیلائی گئی ریاستی دہشت گردی کے بالکل برعکس ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ ایک طرف مودی عالمی برادری کو جمہوریت اور امن کے بارے میں لیکچر دیتے ہیں اوردوسری طرف ملک میں اختلاف رائے کو بے دردی سے کچل رہے ہیں اور مقبوضہ جموں وکشمیرمیں آمرانہ اقدامات کررہے ہیں۔

حریت ترجمان نے کہا کہ مودی تقریروں میں جمہوریت کے چیمپیئن بنتے ہیں لیکن عملی طور پر اختلاف رائے کو دبارہے ہیں۔ایڈوکیٹ منہاس نے بھارت میں نفرت انگیز تقاریر اور مسلمانوں کی نسل کشی کے کھلے عام مطالبات پر مودی کی خاموشی پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ خاموشی منظوری کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز جرائم اور مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کی مذمت نہ کرنے سے مودی حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب ہواہے۔ حریت ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام مودی کے دوغلے پن کے دھوکے میں نہیں آئے اور وہ اقوام متحدہ کے وعدے کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی منصفانہ جدوجہد پر قائم ہیں۔