مریم نواز حکومت کے حوالے سے کوئی آڈٹ رپورٹ اب تک جاری نہیں ہوئی‘عظمیٰ بخاری

ایک ناکام ٹولہ اپنی کرپشن چھپانے کے لیے مریم نواز حکومت پر کیچڑ اچھال رہا ہے، خیبرپختونخوا میں 270ارب روپے کی بدعنوانی اور جعلی رسیدوں کا اسکینڈل پی ٹی آئی کی حقیقت عیاں کر چکا ہے، پی ٹی آئی کا مہا تماتوشہ خانہ کیس میں اپنی بیگم سمیت جیل میں ہے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر وزیر اطلاعات عظمی بخاری کا فیصل آباد کا دورہ ، عاشورہ محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لیا

پیر 30 جون 2025 18:40

فیصل آباد/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے فیصل آباد ڈویژن کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے سلسلے میں کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے حکومت پنجاب نے ہر ممکن اقدامات کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عاشورہ کے دوران ممکنہ بارشوں کے پیش نظر تمام اضلاع کی انتظامیہ، لوکل گورنمنٹس اور واسا کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی اور عالمی صورتحال کے تناظر میں محرم الحرام کا موجودہ سال غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ کچھ شرپسند عناصر افواہیں اور من گھڑت خبریں پھیلا کر حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن حکومت کسی کو امن و امان میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات سمیت تمام سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔پاکپتن میں بچوں کی اموات پر کارروائی کرتے ہوئے 12نجی ہسپتال سیل کیے گئے ہیں، جن میں سے بعض میں زچگی گھروں میں ہوئی اور مریض تشویشناک حالت میں لائے گئے۔ سرگودھا میں کارڈیالوجی کے بعد دسمبر تک کینسر کا سب سے بڑا اسپتال بھی فعال ہوجائے گا۔

فیصل آباد میں میٹرو سمیت متعدد میگا پروجیکٹس رواں سال شروع ہو رہے ہیں۔پنجاب کے 140شہروں میں سیوریج کا نیا نظام ورلڈ بینک کی معاونت سے قائم کیا جائے گا اور فیصل آباد کے صحافیوں کے لیے کالونی سے متعلق جلد خوشخبری سننے کو ملے گی۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز حکومت کے حوالے سے کوئی آڈٹ رپورٹ اب تک جاری نہیں ہوئی، اور ایک ناکام ٹولہ صرف طوفانِ بدتمیزی برپا کیے ہوئے ہے۔

جو لوگ خود کرپشن میں سر سے پائوں تک لتھڑے ہوئے ہیں، وہ ہم سے سوال کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دور میں خیبرپختونخوا میں 270 ارب روپے کی مبینہ کرپشن اور جعلی رسیدوں کا انکشاف ہو چکا ہے جبکہ ان کا مہا تما آج توشہ خانہ کیس میں اپنی بیگم سمیت جیل میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صحت کارڈ پروگرام نواز شریف کا ویژن تھا، جسے پی ٹی آئی نے چوری کر کے اپنے نام سے پیش کیا۔ مریم نواز نے اقتدار میں آ کر پانچ سال کی 22ارب روپے کی بقایا جات کی ادائیگی کی۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بدتمیزی اور بہتان تراشی کا جواب ہم کارکردگی سے دیں گے۔ جو لاشوں پر سیاست کرتے ہیں، ان کے لیے مخصوص نشستوں کی کوئی اہمیت نہیں۔ ہم غلطی کریں گے تو تسلیم کریں گے، وہ تو اکڑتے ہیں۔