کراچی پریس کلب پر سرکاری وبلدیاتی ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ

سید ذوالفقارشاہ پر درج ایف آئی آر کے بھی خلاف احتجاج ، کمشنر کراچی اورصوبائی وزیرناصر شاہ سے مذاکرات،نوٹیفیکشن کے بغیر احتجاج ختم کر نے سے انکار

پیر 30 جون 2025 19:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن سندھ کے ترجمان نے کہا ہے کہ آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، پینشن میں 50 فیصد اضافے ،وفاق کی طرز پر تمام صوبوں کے ملازمین کو ڈسپیرٹی الاونس کی ادائیگی، ریٹائر ووفات پاجانے والے ملازمین کے بروقت پینشن اور پینشنری واجبات کی ادائیگی کیلیے ہونے والے احتجاج، دھرنے کا حصہ بن کر عملی جدوجہد کررہی ہے۔

19 جون کو اپیکا اور 23 جون کو اگیگا کے احتجاج کی نہ صرف فیڈریشن نے حمایت کی بلکہ عملی طور پر بھرپور حصہ بھی لیا۔ آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے مرکزی چیئرمین و صوبائی صدر سید ذوالفقارشاہ کے خلاف بلدیاتی ریٹائر ملازمین کی پینشن اور واجبات کی ادائیگی کیلیے ہونے والے احتجاج میں شرکت پر انکے خلاف بلدیہ عظمی کراچی کی انتظامیہ نے ایک جھوٹی اور من گھڑت ایف آئی آر درج کرواکر انہیں ریٹائرڈ ووفات یافتہ ملازمین کی جدوجہد سے پیچھے ہٹانے کی کوشش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جس پر کے پی کے اسمبلی ،پنجاب اسمبلی کے ساتھ ساتھ صوبے بھر کے بلدیاتی اداروں کے ملازمین اور یونینز کے رہنما سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ آج کراچی پریس کلب پر سندھ ایمپلائز الائنس کے میگا احتجاج کی آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن نے نہ صرف بھرپور حمایت کی بلکہ بلدیاتی ملازمین کی بڑی تعداد کے ساتھ اس میں شرکت بھی کی۔ اس موقع پر ملازمین تنظیموں کی جانب سے مزدور رہنما سید ذوالفقارشاہ کے خلاف جھوٹی اور من گھڑت ایف آئی آر کے خلاف احتجاج کرکے سید ذوالفقارشاہ سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا گیا۔

احتجاج میں صوبے بھر سے سرکاری ملازمین نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر کمشنر کراچی اور وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ پر مشتمل حکومتی مذاکراتی ٹیم سے سندھ ایمپلائز الائنس کے چیئرمین اشرف خاصخیلی کی سربراہی میں 5 رکنی وفد سے مزاکرات کیے۔ جس پر نوٹیفیکشن کے اجرا تک احتجاج ختم کرنے سے قائدین نے انکار کردیا۔