جے یو آئی کے زیر اہتمام سکھر میں گرینڈ امن جرگہ ، ڈاکوؤں کے خلاف فوری آپریشن کا مطالبہ

پیر 30 جون 2025 19:50

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) سکھر میں جے یو آئی کے زیر اہتمام سندھ گرینڈ امن جرگہ ، جے یو آئی سندھ کا ڈاکوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ۔ جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے زیر اہتمام "سندھ گرینڈ امن جرگہ" سکھر میں منعقد ہوا، جس کی صدارت جے یو آئی سندھ کے صوبائی امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی نے کی۔ امن جرگہ میں سندھ بھر سے قبائلی عمائدین ، سرداروں اور زعما نے شرکت کی ، جرگے کے اختتام پر اعلامیہ جاری کرتے ہوئے جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے حکومت، اداروں اور قانون نافذ کرنے والے تمام شعبوں سے مطالبہ کیا کہ وہ سندھ کے بگڑتے حالات پر فوری ایکشن لیں، وگرنہ عوامی ردعمل سخت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے کانوں پر جُوں تک نہیں رینگ رہی۔

(جاری ہے)

آج سندھ کی حالت یہ ہے کہ نہ صرف بزرگ، مزدور، بلکہ معصوم بچوں تک کے اغواء معمول بن چکے ہیں۔ شکارپور میں دو سالہ معصوم بچے کو اغوا کیا گیا، جو کئی دن بعد بازیاب ہوا۔ گڑھی یاسین کے دو معصوم بچے اب بھی ڈاکوؤں کی قید میں ہیں، جو عید سے قبل اغوا ءکیے گئے تھے اور تا حال بازیاب نہ ہو سکے۔

کشمور میں چار سالہ معصوم بچی کو اغوا ءکے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ علامہ راشد محمود سومرو نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیاکہ کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف سخت آپریشن کیا جائے ۔جرگے میں شامل قبائلی سرداروں نے متفقہ طور پر ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد سے لاتعلقی کا اعلان کیا ۔ آخر میں علامہ راشد محمود سومرو نے صدر پاکستان، وزیراعظم، وزیراعلیٰ سندھ، گورنر سندھ، کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز سے فوری ملاقات کا وقت مانگا تاکہ زمینی حقائق ان کے سامنے رکھے جا سکیں اور مؤثر حکمت عملی ترتیب دی جا سکے۔