غیرمتنازع منصوبوں میں پانی کے ذخیرے کی صلاحیت بڑھانا وقت کی ضرورت ہے، وزیراعظم

ہمارا دشمن پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، پڑوسی ملک کو ابھی بین الاقوامی عدالت میں سبکی کا سامنا کرنا پڑا، شہبازشریف

بدھ 2 جولائی 2025 03:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارا دشمن پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، پڑوسی ملک کو ابھی بین الاقوامی عدالت میں سبکی کا سامنا کرنا پڑا، عدالت نے فیصلہ دیا کہ بھارت 1960 کے معاہدے کے تحت نہ تو اسیمعطل کر سکتا اور نہ ہی ختم، بدقسمتی سے ان کے عزائم ناپاک اور خطرناک ہیں۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پانی کے اس معاہدے کے تحت پاکستان کیخلاف جو اقدامات اٹھانا چاہتا ہے اس حوالے سے حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے دیامر بھاشا ڈیم سمیت دیگر منصوبوں میں پانی کی گنجائش کو بڑھائیں گے، ایسے منصوبوں پر کام کریں گے جو کہ غیر متنازع ہوں۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے دوران سوات میں بہت سی قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں، سیاست کو ایک طرف رکھتے ہوئے ہمیں ان حادثات کا ایماندارانہ طریقے سے جائزہ لینا ہوگا، این ڈی ایم اے نے اگر اس پر رپورٹ نہیں بنائی تو فوری طور پر واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے رپورٹ تیار کی جائے،49 لوگ ان واقعات میں جاں بحق ہوئے اور متعدد زخمی ہوئے، افسوس ناک واقعات پر پوری قوم اشک بار تھی، ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پی ڈی ایم ایز اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملکر مربوط حکمت عملی بنائی جائے تاکہ اس طرح کے سانحات سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کثیرالمقاصد اہم قومی ادارہ ہے، 2022 کے سیلاب کے بعد این ڈی ایم اے کو جدید خطوط پراستوارکیا گیا، 2022 کے بدترین سیلاب سے سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں اور لاتعداد مکانات کو نقصان پہنچا۔شہباز شریف نے کہا کہ ہمارا گرین ہاؤسز گیسز کے اخراج میں حصہ بہت کم ہے، موسمیاتی تبدیلی کو مدنظر رکھ کر انفراسٹرکچر کی تعمیر ضروری ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں این ڈی ایم اے پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سماجی اور معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے کوششیں تیزکرناہوں گی، قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے قومی ادارے کی استعداد میں اضافہ کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تغیرات کیتناظر میں این ڈی ایم اے کی صوبوں سے ہم آہنگی ضروری ہے، ہمیں مستقبل کے چیلنجز کو مدنظر رکھ کر خود کو تیار کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ملکوں میں ہوتاہے، این ڈی ایم اے کی جدید ٹیکنالوجی کیحصول اور بروقت معلومات کی فراہمی کیلئے اقدامات قابل تعریف ہیں۔