سندھ حکومت اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے غریبوں کی جیب سے رقم نکلوا رہی ہے،بلال عباس قادری

مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان حال عوام کو نمبر پلیٹ اور دیگر جرمانوں کے ذریعے مزید پریشان کیا جا رہا ہے،مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک

بدھ 2 جولائی 2025 19:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے نوری شاہ بابا کے عرس کے موقع پر مزار شریف پر حاضری دی۔مرکزی صدر اور دیگر عہدے داران نے مزار شریف پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر مرکزی صدر کے ہمراہ شہباز قادری رابطہ کمیٹی کے طاہر قادری اور دیگر عہدے داران بھی موجود تھے۔

مزار شریف پر حاضری کے بعد مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ملک کا حب ہے اور اسی کو تباہ و برباد کیا جا رہا ہے۔ملک کی معیشت کراچی کی وجہ سے ہی چلتی ہے۔مہنگائی بے روزگاری کراچی میں بڑھتی جا رہی ہے۔سندھ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی کام نہیں کر رہی بلکہ غلط پالیسیاں بنا کر عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے غریبوں کی جیب سے رقم نکلوا رہی ہے۔اتنا ظلم اور اتنی زیادتی ملک کے کسی صوبے میں عوام پر نہیں کی جاتی ہے۔سندھ حکومت نے غریب عوام کی جیبوں پر ایک نئے بوجھ کا اضافہ کر دیا ہے۔مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان حال عوام کو نمبر پلیٹ اور دیگر جرمانوں کے ذریعے مزید پریشان کیا جا رہا ہے۔یہ صرف کراچی میں رہنے والوں کو کراچی میں رہنے کی سزا دی جا رہی ہے۔

ہر روز کراچی میں ایک نیا قانون ایک نئی پالیسی بنا دی جاتی ہے۔جس کا اثر سیدھا کر کراچی میں رہنے والی عوام کی جیبوں پر پڑتا ہے۔کراچی کے شہریوں کے ساتھ ایسا ناروا سلوک پاکستان سنی تحریک کسی طور پر برداشت نہیں کرے گی۔بلال عباس قادری کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں بے روزگاری میں اضافہ کرنے کے لیے سندھ حکومت اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔

محنت کر کے اپنے بیوی بچوں کے کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا بھی اب سن حکومت نے مشکل کر دیا ہے۔چنگچی رکشے کی بندش سے سندھ حکومت نے بے روزگاری میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ہزاروں کی تعداد میں نوجوان بے روزگار ہو گئے ہیں اور لاکھوں کی تعداد میں ان ہزاروں بے روزگاروں کے اہلخانہ کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔سندھ حکومت کے ایسے اقدامات سے لوگ خودکشی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

حکومت کا کام ہوتا ہے عوام کو سہولیات فراہم کرے یہاں پر یہ الٹا محاورہ ہے کہ عوام حکومت کو سہولیات فراہم کرے۔ٹریفک پولیس کی جانب سے کروڑوں روپے کے عوام پر جرمانے کیے گئے ہیں۔اس وقت کراچی میں ٹریفک پولیس حکومت کا سب سے بڑا کما پوت بیٹا بن گئی ہے۔پاکستان سنی تحریک حکومت سندھ سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اپنی غلط پالیسیوں کو ترک کر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پالیسیاں بنائے۔