وزیرداخلہ محسن نقوی کی امریکہ کے یوم آزادی پر امریکی عوام اور قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر و سفارتی حکام کو مبارکباد

جمعہ 4 جولائی 2025 20:34

وزیرداخلہ محسن نقوی کی امریکہ کے یوم آزادی پر امریکی عوام اور قائم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکہ کے یوم آزادی پر امریکی عوام اور قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر و سفارتی حکام کو مبارکباد دی ہے اور امریکی حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی حکومت اور عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی پر امریکی عوام کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ امریکہ کا یوم آزادی، قربانی اور جمہوریت کی عظمت کا مظہر ہے، آزادی انسان کی شناخت، خودمختاری اور وقار کی علامت ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں امریکہ ترقی، اتحاد اور امن کے راستے پر گامزن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام عالم میں پائیدار امن کے لئے مثالی کردار ادا کیا ہے اور کر رہے ہیں، امید ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں دیرینہ عالمی تنازعات حل ہوں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی میں صدر ٹرمپ کا کردار ایک معتدل، بصیرت افروز اور دانشمند قیادت کی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا تعمیری کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وائٹ ہائوس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں دیا گیا تاریخی ظہرانہ پاک امریکہ تعلقات کی نئی بنیاد ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاک امریکہ تعلقات کو نئی جہت ملی اور باہمی تعاون مضبوط ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بحران کے لمحوں میں واشنگٹن کی متوازن حکمت عملی نے دوطرفہ تعلقات میں اعتماد و وقار میں اضافہ کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ 4 جولائی کا دن امریکی عوام کے لئے عزم، حوصلے اور اتحاد کی تجدید کا دن ہے۔ دعا ہے کہ امریکہ کا 249 واں یوم آزادی دنیا میں انصاف، آزادی اور امن کا نیا پیغام ثابت ہو۔