کشمیر ی حریت قائدین کی چیئرمین کشمیرکمیٹی راناقاسم نون سے ملاقات، مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی

جمعہ 4 جولائی 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیرشاخ کے ایک اعلی سطح وفد نے پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون سے پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال ، بھارتی ریاستی ظلم و تشدد اور تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چیئرمین رانا قاسم نون نے سینئر کشمیری رہنمائوں محمد فاروق رحمانی اور محمود احمد ساغر کی قیادت میں حریت رہنمائوں کی استقامت، قربانیوں اور جدوجہد آزادی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے، جس میں بھارت کی کوئی بھی یکطرفہ آئینی یا جغرافیائی تبدیلی ناقابل قبول ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ وادی میں جاری آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی سازش ، شہری آزادیوں پر قدغن، اور بلاجواز گرفتاریوں کی شدید مذمت کی۔ راناقاسم نون نے کہاکہ کشمیر کمیٹی مسئلہ کشمیر کو نہ صرف ملک میں بلکہ دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے کوشاں ہے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گی ۔چیئرمین کشمیر کمیٹی نے افواج پاکستان کے سربراہ فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کے تاریخی بیان کو دہرایاکہ اگر جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے ہمیں دس جنگیں بھی لڑنی پڑیں، تو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ شہید برہان مظفر وانی جیسے کشمیری نوجوانوں کی قربانیاں تاریخ کا فخر ہیں ۔حریت قائدین نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے ماورائے عدالت قتل، جبری گرفتاریوں، گھروں کی مسماری اور املاک کی غیر قانونی ضبطی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے نئی دلی کی تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند سینئر حریت رہنماء شبیر احمد شاہ کی تیزی سے گرتی ہوئی صحت پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ شبیر شاہ کینسر جیسے مہلک مرض میں مبتلا ہیں، مگر انہیں علاج معالجے کی سہولیات سے مسلسل محروم رکھا جارہا ہے اور ان کے اہلخانہ کو بھی ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔حریت وفد نے شبیر شاہ کی رہائی اور انہیں علاج معالجے کی سہولت کی فراہمی کیلئے عالمی ضمیر، اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور او آئی سی سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔

حریت وفد نے کشمیری عوام کی مسلسل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیااورکہاکہ ملک خدادادپاکستان واحد ملک ہے جو ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کی ترجمانی کرتا ہے۔ حریت وفد میں شیخ یعقوب، عبد الحمید لون، سید اعجاز رحمانی، زاہد صفی، محمد شفیع ڈار اورمشتاق احمد بٹ شامل تھے۔