جولائی جمہوریت پر شب خون مارنے کے دن کو ہر سال تاریخ کے یوم سیاہ کے طور پر مناتے رہیںگے،نثارکھوڑو

ملک میں تمام مسائل کا حل جمہوریت کے تسلسل اور پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی میں ہے اگر تمام ادارے اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرینگے تو ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی،صدر پیپلزپارٹی سندھ

ہفتہ 5 جولائی 2025 17:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ5جولائی جمہوریت پر شب خون مارنے کے دن کو ہر سال تاریخ کے یوم سیاہ کے طور پر مناتے رہیںگے۔ 5 جولائی 1977 آمر ضیا الحق کا شھید بھٹو کی جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کا اقدام تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ ہفتے کو اپنے جاری بیان میں نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 18 ویں ترمیم کے ذریعے آئین سے 58 ٹو بی کی شق کا خاتمہ کرواکے رات کے اندھیرے میں جمہوری حکومتوں کو گھر بھیجنے کا راستہ ہمیشہ بند کرادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کی اصل حالت میں بحالی،18 ویں ترمیم کی منظوری اور 58 ٹو بی کی شق کے خاتمے کا کریڈٹ پارلیمنٹ اور صدر آصف علی زرداری کو جاتا ہے انہوں نے کہا کے 18ویں ترمیم میں آئین توڑنے والوں کو آرٹیکل 6 کا مرتکب قرار دیا گیا ہے جبکہ ماضی مں رات کے اندھیرے میں جمہوری حکومتوں کو گھر بھیج کر آمریت مسلط کی جاتی تھی۔

(جاری ہے)

نثار کھوڑو نے کہا کہ ملک میں تمام مسائل کا حل جمہوریت کے تسلسل اور پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی میں ہے اگر تمام ادارے اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرینگے تو ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کے وہ سندھ اسمبلی کی قرارداد کو اہمیت دے کر شہید ذوالفقار علی بھٹو کو سرکاری طور پر شہید اور قومی جمہوری ہیرو ڈکلیئر کرے۔