حضرت امام حسینؓ اور ان کے اہل بیتؓ کی عظیم قربانی اسلام کی سربلندی، عدل کے قیام اور ظلم و جبر کے خاتمے کی روشن مثال ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر

ہفتہ 5 جولائی 2025 23:01

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے اہل بیتؓ کی عظیم قربانی اسلام کی سربلندی، عدل کے قیام اور ظلم و جبر کے خاتمے کی روشن مثال ہے۔ یومِ عاشورہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ خانوادۂ رسالت ﷺ نے میدانِ کربلا میں جس ثابت قدمی اور قربانی کا مظاہرہ کیا، وہ رہتی دنیا تک مظلوموں کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا تاریخِ اسلام کا ایک ناقابلِ فراموش باب ہے، جہاں امام عالی مقامؓ اور ان کے جانثاروں نے دین کی بقا کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کا واضح مقصد عدل و حق کا قیام اور ظلم کا خاتمہ تھا ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھی حسنیت کے نقشِ قدم پر چل کر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔

کشمیری نوجوان اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے سامنے جرأت و استقامت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں، اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے "رسمِ شبیری" ادا کر رہے ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں محرم الحرام کے جلوسوں پر پابندی اور عاشورہ کے موقع پر کرفیو کے نفاذ کو مذہبی آزادی پر کھلا حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کشمیری مسلمانوں کے بنیادی انسانی حقوق سلب کر رہی ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی حکومت کی فسطائیت اور مذہبی جبر کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مقبوضہ جموں و کشمیر کا ہر گوشہ بھارتی تسلط سے آزاد نہیں ہو جاتا، کشمیری قوم اپنے حسینی عزم کے ساتھ جدوجہد جاری رکھے گی۔