گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے کاروباری شخصیات عاطف فاروقی اور سہیل شمیم فرپو کی ملاقات

ہفتہ 5 جولائی 2025 23:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے معروف کاروباری شخصیت مہمند دادا منرلز اینڈ بگ بل ایمپائر پرائیویٹ لمیٹڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ، گفٹ یونیورسٹی کے چیئرمین کے مشیر عاطف فاروقی اور پاکستان رومینیا بزنس کونسل کے چیئرمین ، یورپیئن مارکیٹنگ اینڈ منیجمنٹ ایسوسی ایشن کے مشاورتی بورڈ کے ممبر اور فرپو گروپ آف کمپنیز کے ایم ڈی سہیل شمیم فرپو پر مشتمل دو رکنی وفد نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی. ملاقات میں خیبر پختونخوا میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے حوالہ سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی ترقی پاکستان کی ترقی سے منسلک ہے، صوبہ میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے ہی یوتھ انگیجمنٹ، وویمن امپاورمنٹ کو تقویت دی جاسکتی ہے اور صوبہ کے سافٹ امیج کو اجاگر کیا جاسکتا ہے. ملاقات میں اس تجویز پر غور کیا گیا کہ کراچی اور خیبر پختونخوا کی تاجر برادری کو گورنر خیبر پختونخوا کی سرپرستی میں گورنر ہاؤس میں خصوصی سہولت سنٹر فراہم کیا جائے گا جس کے ذریعے کراچی میں موجود دنیا کے متعدد ممالک کے ٹریڈ کمشنرز کے ساتھ انکو منسلک کیا جائے گا جس سے پاکستان اور بالخصوص خیبر پختونخوا کے تاجروں کو کاروباری ترقی کے خصوصی مواقع میسر آئیں گے۔

(جاری ہے)

گورنر خیبر پختونخوا نے وفد کو یقین دلایا کہ اس حوالہ سے گورنر ہاؤس بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔ وفد نے گورنر فیصل کریم کنڈی کے وژن اور عملی تعاون پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔