شہدا ئے کشمیر کی قربانیوں کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا، حریت کانفرنس

اتوار 6 جولائی 2025 12:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر تسلط جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ شہید نوجوان رہنما برہان مظفروانی سمیت کشمیری شہداء مادر وطن پر بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت کی علامت ہیں اور ان کی قربانیوں کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں 9 ویں یوم شہادت پربرہان وانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان کی جرات کشمیری نوجوانوں کے لیے آج بھی باعث تحریک ہے۔

برہان وانی اور اس کے دو ساتھیوں کو بھارتی فوجیوں نے 8جولائی 2016کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکرناگ میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا تھا۔

(جاری ہے)

ان کے ماورائے عدالت قتل سے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بڑے پیمانے پر عوامی احتجاجی تحریک شروع ہوگئی تھی جس دوران بھارتی فوجیوں نے پرامن مظاہرین پر گولیاں، پیلٹ اور آنسو گیس کے گولے برسا کر 150سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید اورسینکڑوں کو زخمی کیاتھا۔

حریت رہنمائوں نے سرینگر میں اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ برہان وانی کے یوم شہادت کو کنٹرول لائن کے دونوں جانب یوم تجدید عہد کے طور پر منایا جائے گا تاکہ شہدا ء کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ برہان وانی اپنی ذات میں ایک ایسا ادارہ تھے جس نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو ایک نئی جہت دی اور انہیں کشمیر کی مزاحمتی تحریک میں''ایک نمایاں کردار ''کے طور پرہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ان سینکڑوں اور ہزاروں شہدا ء کے مقروض ہیں جنہوں نے ہماری آزادی کے لیے اپنی جوانیاں قربان کیں، انہی قربانیوں کی بدولت تنازعہ کشمیرآج بین الاقوامی سطح پر مرکز نگاہ بن گیاہے۔