بھارت کوایک اورسفارتی دھچکا، برکس کا پہلگام حملے کے ساتھ پاکستان کا نام لینے سے انکار

پیر 7 جولائی 2025 16:58

برازیلیا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) بھارت کو گزشتہ روز ایک اور سفارتی دھچکے کا سامنا کرنا پڑا جب اس نے برکس تنظیم کے اجلاس کے دوران پہلگام واقعے میں پاکستان کا نام گھسیٹنے کی کوشش کی تاہم رکن ممالک نے اس کو ناکام بنادیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت نے اپنے بیانیے کو آگے بڑھانے کے لیے لابنگ بھی کی تھی تاہم برکس فورم نے کواڈ اور ایس سی او کی طرح نئی دہلی کے دعووں کی توثیق کرنے سے انکار کر دیا جس سے پاکستان کے خلاف اس کی پراپیگنڈہ مہم ایک بارپھر ناکام ہوگئی۔

22اپریل کے پہلگام حملے پر پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر تنہا کرنے کی بھارتی کوششوں کو پے در پے دھچکوں کا سامنا کرنا پڑا اور برکس، کواڈ اور شنگھائی تعاون تنظیم سمیت بڑے عالمی فورمز نے یا تو پاکستان کا نام لینے سے انکار کیا یا نئی دہلی کے بیانیے کو مکمل طور پر نظر انداز کیا۔

(جاری ہے)

سفارتی سطح پر شرمندگی بھارت کی ایک عادت بن چکی ہے۔ برکس اجلاس میں 22اپریل کے پہلگام حملے کی مذمت تو کی گئی جس میں 26شہری ہلاک ہوئے لیکن بھارت کے اصرار کے باوجود پاکستان کا ذکر نہیں کیاگیا۔

2 جولائی کو کواڈ وزرائے خارجہ کے اجلاس میں بھی بالکل ایسا ہی ہواجس میں پہلگام واقعے کی مذمت کی گئی لیکن پاکستان کا نام نہیں لیاگیا۔ برکس گروپ کا پہلا سربراہی اجلاس 2009میں ہوا جس میں برازیل، روس، بھارت اور چین کے رہنمائوں نے شرکت کی، بعد میں جنوبی افریقا کو بھی بلاک میں شامل کیاگیا، گزشتہ سال مصر، ایتھوپیا، انڈونیشیا، ایران، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو بھی بطور رکن گروپ میں شامل کیاگیا۔