وزیراعلیٰ بلوچستان کے فوکل پرسن سے مختلف اضلاع کے پی پی پی رہنمائوں کی ملاقات، تنظیمی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا

پیر 7 جولائی 2025 18:21

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ بلوچستان کے فوکل پرسن و پاکستان پیپلز پارٹی سیکرٹریٹ کے انچارج سید اقبال احمد شاہ سے صوبے کے مختلف اضلاع کے پارٹی رہنمائوں نے ملاقات کی ، جس میں تنظیمی و سیاسی امور پر درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سید اقبال احمد شاہ نے مسائل کو فوری حل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کے خصوصی احکامات پر جیالوں کے مسائل حل کرنا میری اولین ترجیحات ہیں ،صوبائی حکومت بنانے اور پارٹی کو مستحکم کرنے میں جیالوں کے کلیدی کردار سے کسی صورت انکار نہیں کیا جاسکتا، پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریاتی جیالے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے سپاہی ہیں اور پارٹی کا کل اثاثہ اور سرمایہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے جیالوں کو روزگار، صحت و تعلیم سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی ہیں جس کا تسلسل جاری رہے گا ۔ رمضان المبارک میں ورکرز اور جیالوں کو اشیائے ضروریہ کی مد میں مفت راشن کی تقسیم سے ریلیف فراہم کیا گیا جبکہ صوبائی محکموں میں پارٹی کے نظریاتی کارکنوں کو برسر روزگار بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدیداروں اور جیالوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں پارٹی کو مزید فعال و متحرک بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بے نظیر بھٹو کے مشن کی تکمیل کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاکر پارٹی کے پیغام کو گھرگھر پہنچائیں۔