سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ نے 6 ماہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے۔جاری پریس ریلیز کے مطابق سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی جانب سے رواں سال کے پہلے 6 ماہ میں مستحکم آپریشنل، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ائیرپورٹ کے سفارتی اور کاروباری تعلقات کو مضبوط بنانے، فضائی آپریشن کو مزید بہتر کرنے اور نئی ائیرلائنز کو سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر آپریشن آغاز کرنے کی طرف مائل کرنے میں نہایت اہم رہا۔
پچھلے چھ ماہ میں، تقریباً 450,000 مسافروں نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے سفر کیا اور 1,300 سے زیادہ بین الاقوامی پروازوں کے بلاتعطل آپریشن نے مسافروں کو بہترین سفری سہولت فراہم کی۔6 ماہ کے دوران 4,350 ٹن سے زائد کارگو بین الاقوامی منڈیوں میں برآمد کیا گیا، جس سے پاکستان کے معاشی منظر نامے میں خاص طور پر کاروباری برادری اور برآمدی شعبے کے لیے سیالکوٹ کے اہم کردار کی تصدیق ہوتی ہے۔
(جاری ہے)
مسافروں کے سفری تجربے کو مزید وسعت دینے اور اسے مزید بہتر بنانے کے ویژن کے ساتھ، سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے باضابطہ طور پر اپنے بین الاقوامی مسافر ٹرمینل کی توسیع کا آغاز کر دیا ہے جو کہ جدیدیت، صلاحیت میں اضافہ، اور عالمی معیار کی خدمات کی بدولت ہوائی اڈے کی وابستگی سے ہم آہنگ ہے۔پریس ریلیز کے مطابق تعمیل اور آپریشنل تیاری کی عکاسی میں، سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی جانب سے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) کے حفاظتی ضوابط اور پروٹوکول پر سختی سے عمل درآمد کرتے ہوئے، ائیرپورٹ پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت وقت اور موثر انداز میں نمٹنے کی تیاری کو یقینی بناتے ہوئے، باقاعدہ مفصل ائیرپورٹ ہنگامی مشق کا کامیابی سے انعقاد کیا۔
رواں سال کے پہلے 6 ماہ میں متعدد سفارتکاروں نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ کیا ۔ چیئرمین حسن علی بھٹی، وائس چیئرمین فراز اکرم اعوان نے امریکی قونصل جنرل سے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین حسن علی بھٹی، وائس چیئرمین فراز اکرم اعوان اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سیال ،ائیر وائس مارشل تنویر اشرف بھٹی (ر) کی جانب سے پاکستان میں سعودی عرب اور ایتھوپیا کے سفیروں کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا گیا، معزز مہمانوں کو سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور مستقبل میں دونوں ممالک کے ساتھ باہمی تعاون کو بڑھانے اور ایوی ایشن کے شعبے میں مشترکہ کاوشوں کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
حالیہ پاک بھارت تنازعہ کے دوران سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ نے پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی اور پاکستان سول ایوی ایشن کی ہدایات کی تعمیل کرتے ہوئے، ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے فوری طور پر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کیں۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ نے پاکستان کی مسلح افواج کو غیر مشروط تمام ممکنہ وسائل مہیا کرنے کا اعلامیہ جاری کیا اور بعد ازاں دفاعی افواج کی شاندار کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا۔
رواں سال کے دوران سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے نہ صرف ائیرپورٹ اور مسافروں کو مزید بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کا اعادہ کیا بلکہ بین الاقوامی پروازوں میں اضافے سمیت مزید بین الاقوامی ائیرلائنز کے ساتھ پارٹنرشپ کے لیے سرگرم عمل رہی۔ سیالکوٹ ائیر پورٹ کی مثبت کوششوں کی بدولت سلام ائیر نے اپنی پروازوں کی تعدد میں اضافہ کیا جس کے بعد ائیرسیال نے سیالکوٹ اور کراچی کے درمیان اندرون ملک آپریشن کے آغاز کے ساتھ ساتھ سیالکوٹ ،دبئی روٹ پر اضافی بین الاقوامی پروازوں کا باقاعدہ اعلان کیا جو ایک اور بڑا سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
توقع ہے کہ اس اضافے سے کاروباری اور دیگر مسافروں دونوں کو کافی فائدہ پہنچے گا۔ مزید برآں اس بات کی امید کی جاتی ہے کہ معروف بین الاقوامی ائیرلائنز، ائیر عربیہ ابوظہبی، جزیرہ ائیر ویز، ترکش ائیر لائن اور کئی دوسرے آپریٹرز مستقبل قریب میں سیالکوٹ سے اپنی خدمات شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جو خطے کے لیے رابطے کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔
کارگو / لاجسٹکس کی عمدہ کارکردگی کے اعتراف میں، پچھلے ماہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی جانب سے کارگو ٹرمینل بزنس پارٹنر ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیاگیا، جس میں کارگو کاروباری شراکت داروں، کلیئرنگ ایجنٹس اور فریٹ آپریٹرز کی غیر متزلزل حمایت اور کارکردگی کو سراہا گیا۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پیشہ ورانہ مہارت، خدمت اور حفاظت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھتے ہوئے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ایک ماڈل کے طور پر نہ صرف ابھرکر آگے آرہا ہے بلکہ ملک میں معاشی، اقتصادی اور علاقائی روابط کو آگے بڑھانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ حسن علی بھٹی نے کہا کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا چھ ماہ کا جائزہ ترقی، آپریشنل بہترین کارکردگی اور قوم کی خدمت کے لیے ہمارے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بہت فخر کے ساتھ یہ کہتا ہوں کہ تمام بورڈ آف ڈائریکٹرز، سیال انتظامیہ اور سٹاف کی ان تھک محنت کے باعث بین الاقوامی پروازوں میں اضافہ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مسافروں کی سہولت میں ٹھوس پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔