بھارت کا رافیل طیاروں کے پائلٹس سمیت 4 پائلٹس مارے جانے کا اعتراف

فوجیوں کے مرنے کے بعد اعزاز دینے کا فیصلہ ہوا تو ان کی ہلاکت کا اعتراف سامنے آیا

پیر 7 جولائی 2025 20:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)آپریشن سندور کے دوران ہلاکتوں کو تسلیم نہ کرنے کے بعد شدید اندرونی دباؤ کے باعث بھارتی فوج نے ہلاک بھارتی فوجیوں کو اعزازات دینے کا فیصلہ کرلیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کے آپریشن سندور میں بھارتی افواج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا تاہم بھارتی حکومت اور افواج ہزیمت سے بچنے کیلئے اسے چھپاتی رہیں، فوجیوں کے مرنے کے بعد اعزاز دینے کا فیصلہ ہوا تو ان کی ہلاکت کا اعتراف سامنے آیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاعات کے مطابق صرف ایل او سی پر بھارتی فوج کی 250 سے زائد ہلاکتیں ہوئیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق جن ہلاک فوجیوں کو اعزازات دیے جائیں گے ان میں بھارتی فضائیہ کی4 پائلٹس بشمول 3 رافیل طیاروں کے پائلٹس اور آدم پور ائیربیس پر مارے گئے جدید دفاعی نظام ایس 400 کے 5 آپریٹرز بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ادھم پور ائیربیس بشمول ائیر ڈیفنس یونٹ پر ہلاک 9 فوجی اہلکاروں کو فوجی اعزاز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ایوی ایشن بیس راجوڑی میں 2 اور اڑی سپلائی ڈپو کے او سی سمیت 4 ہلاک بھارتی فوجی بھی اعزازی فہرست کا حصہ ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک بھارتی فوجیوں کے لواحقین پر اپنے پیاروں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کرنے کا دباؤ ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت نے اپنی ہزیمت چھپانے کے لیے فوجی نقصانات کو چھپایا اور آج بھی چھپا رہا ہے، مودی سرکار پٹھان کوٹ اور ادھم پور بیس پر نقصانات کی تردید کرتی رہی، بھارت نے فوج کی ہلاکتیں تسلیم نہیں کیں تو اب اندرونی دباؤ پر کیوں اعزازات دییجارہے ہیں بین الاقوامی میڈیا کے مطابق پٹھان کوٹ اور اٴْدھم پور سمیت پاکستان کے متعدد مؤثر حملوں کے بعد بھارت سیز فائر پر مجبور ہوا۔