برہان وانی شہیدنے اپنے خون سے تحریک آزادی کو نئی جلا دی، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر

منگل 8 جولائی 2025 17:38

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے معروف نوجوان رہنما برہان مظفر وانی اورانکے ساتھیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ برہان وانی نے اپنے خون سے تحریک آزادی کو نئی جلا دی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے ان خیالات کا اظہار مظفر آباد میں شہید برہان مظفر وانی اور ان کے ساتھیوں کے نویں یوم شہادت کے موقع پر منعقدہ ایک عظیم الشان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ برہان وانی نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے ثابت کیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات یا سفارت کاری میں نہیں بلکہ ایک مضبوط، منظم اور پرعزم جدوجہد میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ بھارت کا ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ ہے ۔جموں و کشمیر شہدا فائونڈیشن کے سربراہ محمد عارف کی زیرصدارت تقریب میں مختلف سیاسی، سماجی اور حریت رہنمائوں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر، تاجر رہنما عبدالرزاق خان، شوکت جاوید میر، پاسبان حریت کے سربراہ عزیر احمد غزالی،حریت رہنمائوں مشتاق احمد بٹ، مشتاق الاسلام اور سید گلشن شاہ سمیت دیگر مقررین نے شہید برہان وانی اور تحریک آزادی کشمیر کے جملہ شہدا کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی نے سوشل میڈیا کے ذریعے کشمیری نوجوانوں میں آزادی کا جذبہ بیدار کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم لاکھوں قربانیوں کے باوجود ثابت قدم ہے اور بھارتی جارحیت کا مقابلہ کر رہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے خون سے تحریک آزادی کی کی آبیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا۔شہدا فائونڈیشن کے سربراہ محمد عارف نے اپنے خطاب میں کہا کہ برہان وانی نے تحریک آزادی کو نیا عنوان دیا اور ایک نئے باب کا آغاز کیا۔

انہوں نے زور دیا کہ ہمیں برہان وانی کے نظریے کو آگے بڑھانے کیلئے آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھنی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حل طلب مسئلہ کشمیر سے جنوبی ایشیاکا خطہ ایٹمی جنگ کا شکار ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیری عوام کی زمینوں اور املاک پر قبضے،مسلمان ملازمین کی جبری برطرفی اور غیر کشمیریوں کو غیر قانونی ڈومیسائل کے اجراکی شدید مذمت کی ۔ تقریب کے اختتام پر کشمیری شہدا کی درجات کی بلند ی اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے دعا کی گئی ۔