سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کی مدت ملازمت میں توسیع

مونس علوی 30 جولائی 2025 تک عہدے پر رہیں گے،اعلامیہ

منگل 8 جولائی 2025 18:29

سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کی مدت ملازمت میں توسیع
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)کراچی میں بجلی فراہم کرنے والے واحد ادارے کے الیکٹرک نے سید مونس عبداللہ علوی کو دوبارہ چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او)مقرر کر دیا ہے۔ اس اہم فیصلے کا اعلان منگل کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)کو بھیجے گئے ایک نوٹس میں کیا گیا۔نوٹس میں کہا گیا کہ ہم آپ کو مطلع کرنا چاہتے ہیں موجودہ چیف ایگزیکٹو آفیسر سید مونس عبداللہ علوی کو کمپنی کے سی ای او کے طور پر 30 جولائی 2025 سے دوبارہ تعینات کیا گیا ہے۔

سید مونس علوی کو پہلی بار جون 2018 میں کے الیکٹرک کا سی ای او مقرر کیا گیا تھا۔ ان کی قیادت میں ادارے نے توانائی کے شعبے میں متعدد سرمایہ کاری کی، جن میں 900 میگاواٹ آر ایل این جی سے چلنے والے پاور پلانٹ کی تعمیر بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

علوی 2008 میں کے الیکٹرک سے منسلک ہوئے اور اس دوران چیف فنانشل آفیسر، کمپنی سیکریٹری اور ہیڈ آف ٹریژری جیسے اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔

انہیں مالیاتی منصوبہ بندی، سرمایہ جاتی ڈھانچے کی ازسرِ نو ترتیب اور مالیات کے میدان میں 30 سال کا متنوع تجربہ حاصل ہے۔ وہ انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکانٹنٹس آف پاکستان کے فیلو ممبر بھی ہیں۔اسی ماہ صحافیوں سے گفتگو میں سید مونس علوی نے کے الیکٹرک کے مستقبل کے حوالے سے اپنے وژن کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کے الیکٹرک کو صارفین کو محفوظ، قابلِ اعتماد اور پائیدار بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے قابل ہونا چاہیے۔

ہمیں تکنیکی لحاظ سے مزید بہتر ہونا ہوگا تاکہ نظام کو جدید خطوط پر استوار رکھ سکیں اور بین الاقوامی منڈی میں تبدیلیوں کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چل سکیں۔علوی کی دوبارہ تقرری کو ادارے کے تسلسل، کارکردگی اور طویل المدتی منصوبہ بندی کے لیے مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔