برہان وانی کا یوم شہادت جدوجہدآزادی کو جاری رکھنے کے تجدید عہد کیساتھ منایا گیا

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوں نے 2016کے بعد سے 2ہزا62 کشمیریوں کو شہیدکیا، رپورٹ

منگل 8 جولائی 2025 23:48

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء) کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے معروف نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کے 9ویں یوم شہادت کو اس تجدید عہدکے ساتھ منایا کہ جدوجہد آزادی کشمیر کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے برہان وانی کو2016میں آج ہی کے دن اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکر ناگ میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کردیا تھا۔

ان کی شہادت کے بعد مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر عوامی احتجاجی تحریک شروع ہوئی تھی جسکے دوران بھارتی فورسز نے 150سے زائد نہتے شہریوں کو شہید اورہزاروں کو زخمی کیاتھا۔کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے 08جولائی 2016سے اب تک 2ہزار62کشمیریوں کو شہید کیا جن میں سی337کوجعلی مقابلوں میں یا دوران حراست شہید کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس عرصے کے دورا ن حریت رہنمائوں ، نوجوانوں ، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں سمیت 41ہزارسے زائد کشمیریوںکو گرفتارکیاگیاجبکہ پرامن مظاہرین پر قابض فوجیوں کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ ، پیلٹ گنز اور آنسو گیس سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے 30ہزارسے زائد کشمیری زخمی ہوئے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری نوجوانوں میں جذبہ مزاحمت کو تقویت دینے پر برہان وانی کے کردار کو سراہتے ہوئے جدوجہد آزادی کوجاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔

حریت کانفرنس نے مودی حکومت کے ہندوتوا منصوبوں کی مذمت کی اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیاکہ وہ اپنی منظورشدہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرائے ۔ سرینگر، پلوامہ، بانڈی پورہ اور گاندربل میں چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں شہید برہان وانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے ۔ پوسٹروں میں عوام پر زور دیا گیا کہ وہ شہدا ء کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور ان کے مشن کواس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں ۔

جموں میں این آئی اے کی خصوصی عدالت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن میں ملوث ہونے کے جھوٹے الزامات پر گرفتارکئے گئے دو کشمیری نوجوانوں پرویز احمد اور بشیر احمد کے ریمانڈ میںدس دن کی توسیع کر دی ہے۔اسلام آباد میں پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون نے برہان مظفر وانی کے یوم شہادت کے سلسلے میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ برہان وانی کی شہادت سے جدوجہد آزادی میں مزید تیزی آئی ۔

مظفرآباد، میرپور اور کوٹلی سمیت آزاد جموں و کشمیربھر میں منعقد ہ ریلیوں، سیمینارز اور عوامی اجتماعات کے شرکا ء نے خبردار کیا ہے کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل نہ ہونے سے جنوبی ایشیا میں جوہری جنگ کے خطرات منڈلاتے رہیں گے۔ان تقریبات کا اہتمام کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ اور جموں و کشمیر شہداء فائونڈیشن نے کیا تھا۔