Live Updates

سپیکر کا کردار ایوان کو آئین، قانون اور اسمبلی قواعد کے مطابق چلانا ہے، ملک محمد احمد خان

منگل 8 جولائی 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ سپیکر کا کردار ایوان کو آئین، قانون اور اسمبلی قواعد کے مطابق چلانا ہے۔ وہ منگل کے روز اولڈ پنجاب اسمبلی ہال میں نجی یونیورسٹی کے طلبا سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بطور سپیکر وہ ایوان کے نظم و ضبط کے محافظ ہیں۔خطاب کے دوران سپیکر نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کیا سپیکر کو کسی کی طرفداری کرنی چاہیے؟ میرے کردار کو بار بار غلط انداز میں پیش کیا گیا جبکہ میں صرف آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر فیصلے کرتا ہوں۔

سپیکر ملک محمد احمد خان نے وضاحت کی کہ آئین کے آرٹیکل 63-2 میں واضح لکھا ہے کہ اگر کسی رکن کی طرف سے آئین کی خلاف ورزی ہو توسپیکر کو کارروائی کا اختیار حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا شور شرابہ اور بجٹ اجلاس میں بد نظمی، عوام کے اس حق پر حملہ ہے کہ وہ جان سکیں ان کے لیے کتنے پیسے مختص کیے جا رہے ہیں۔ کیا بائیس سال میں کسی نے وزیر خزانہ کی مکمل تقریر سنی؟ ہمیشہ کتابیں پھاڑ کر پھینکی گئیں، سپیکر پر حملے کی کوشش کی گئی، ایسے رویوں کو اب روکنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے بائیس ارکان نے سپیکر ایاز صادق کو نواز شریف کے خلاف ریفرنس بھجوانے کی درخواست دی، لیکن بعد میں انہی الزامات کو جھوٹا قرار دیا گیا۔ سپیکر نے کہا کہ وہ کسی جماعت کی مخالفت نہیں کرتے بلکہ پارلیمانی اقدار کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میں نے سٹینڈنگ کمیٹیوں میں اپوزیشن کو نمائندگی دی جبکہ سابق سپیکر پرویز الہی نے ایسا نہیں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کی جانب سے 37 درخواستیں آئیں جن میں سے 12 صرف شور شرابے سے متعلق تھیں۔ میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان با مقصد مذاکرات کے لیے کردار ادا کرنے کوتیار ہوں اور آئین کے مطابق انصاف پر مبنی فیصلے ہی ملک کے استحکام کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا کردار آئین میں واضح ہے اور جب تک اس منصب پر ہوں، آئین کی پاسداری کرتا رہوں گا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات