Live Updates

تحریک انصاف کی تحریک میں کوئی دم خم نظر نہیں آرہا، اس حوالے سے کوئی تیاری نہیں ہے، رانا ثناء اللہ

اگر کسی نے انتشار پھیلانے کی کوشش کی تو مقدمات ہوں گے تحریک انصاف کی تحریک صرف بیانات کی حد تک ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آج بھی کوشش ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ان کے ساتھ بات کرے، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور کی گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 9 جولائی 2025 11:40

تحریک انصاف کی تحریک میں کوئی دم خم نظر نہیں آرہا، اس حوالے سے کوئی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09جولائی 2025)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی تحریک میں کوئی دم خم نظر نہیں آرہا تھا ، پی ٹی آئی کی تحریک کے حوالے سے کوئی تیاری نہیں ہے، انہوں نے سڑکوں پر انتشار پھیلانے کی کال دی تو بہت کم لوگ نکلیں گے۔ دنیا نیوز میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ اگر کسی نے انتشار پھیلانے کی کوشش کی تو مقدمات ہوں گے۔

تحریک انصاف کی تحریک صرف بیانات کی حد تک ہے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آج بھی کوشش ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ان کے ساتھ بات کرے۔ بانی پی ٹی آئی آج بھی سیاسی جماعتوں کے ساتھ چارٹر آف اکانومی کرنے کو تیار نہیں۔رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ میری بات نوٹ کر لیں سٹیبلشمنٹ بھی اسے کچھ نہیں دے سکتی۔

(جاری ہے)

اسٹیبلشمنٹ کے پاس بھی بانی کو دینے کیلئے کچھ نہیں ہے۔

راستہ تب ہی نکلے گا جب سیاسی جماعتیں ٹیبل پر بیٹھیں گی۔ ہمیشہ سیاسی جماعتوں نے بیٹھ کر ہی مسائل کا حل نکالا ہے۔انہوں نے کہا کہ قاسم، سلیمان برطانوی شہری ہیں ان کو کیسے اجازت دی جا سکتی ہے۔ اگر وہ تحریک میں حصہ لیں گے تو انہیں کیا مشکلات ہوں گی تفصیل میں جانے کی ضرورت نہیں۔ بانی پی ٹی آئی خود دیکھ لیں انہیں 20 سے 27 سال بھی جیل ہوسکتی ہے۔

بانی پی ٹی آئی کو کیلکولیشن کو مدنظررکھتے ہوئے چلنا چاہئے۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور کا کہناتھا کہ نوازشریف کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے کی باتوں میں بالکل صداقت نہیں ہے۔ نواز شریف سیاسی ڈائیلاگ کے حق میں ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن کو تین مرتبہ سیاسی ڈائیلاگ کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے ڈائیلاگ کی دعوت نوازشریف کی منظوری سے ہی دی ہے۔

نوازشریف نے دومرتبہ انتہائی حکمت عملی سے پارٹی کو بحرانوں سے نکالا۔تحریک انصاف کی ضد اور ہٹ دھرمی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کو ملک کے حالات کو بھی دیکھنا چاہئے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی وفاقی مشیرسیاسی اموررانا ثناء اللہ کاکہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے برطانیہ کے پیدائشی شہری تھے وہ یہاں کسی کو نہیں جانتے۔ عمران خان کے بیٹے پرتشدد تحریک کا حصہ بنیں گے تو گرفتارہوں گے۔

اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ عمران خان کے بیٹے برطانیہ کے پیدائشی شہری تھے وہ یہاں کے حالات اور کسی کو نہیں جانتے ان کو یہاں لا کر اس کا حصہ بنانا ایسا عمران خان ہی سوچ سکتے تھے۔ عمران خان کے بیٹوں کو یہاں مشکلات ہوسکتی تھیں۔ برطانیہ کی ایمبیسی ان کو بازیاب کرائے اور پھر واپس لے کرجائے۔

بانی کے بیٹوں کو یہاں لاکر لاقانونیت کا حصہ بنانے کا کیا مطلب ہوسکتا ہے؟ جلسے جلوس احتجاج جمہوری روئیے کے تحت ہوتے تھے۔رانا ثناء اللہ کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ اگروہ غیرقانونی احتجاجی تحریک کی قیادت کریں گے تو گرفتارہوں گے۔ 9 مئی کے بعد پی ٹی آئی پر کون اعتبار کرے گا کہ خلاف ورزی نہیں کریں گے اور پرتشدد نہیں ہوں گے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات