سانحہ لیاری پر ہر آنکھ اشکبار،پیپلز پارٹی متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے،ڈاکٹر شام سندر

بدھ 9 جولائی 2025 17:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)لیاری میں عمارت گرنے کے سانحہ پر پیپلز پارٹی سندھ کے رہنما ایم پی اے اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ و ایکسائز ڈاکٹر شام سندر آڈوانی کا اظہار افسوس، متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کر کے انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا،لیاری میں عمارت گرنے کے دلخراش سانحے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری حکومت سندھ، ڈاکٹر شام سندرکے آڈوانی نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہونے کے لیے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ڈاکٹر شام سندر آڈوانی کچھی مہیشوری پنچایت جماعت خانہ، لیاری پہنچے جہاں انہوں نے مرنے والے ہندو کمیونٹی کے تیجے میں شرکت کی۔

انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کی اور کہاکہ یہ سانحہ صرف ایک برادری کا نہیں بلکہ پوری انسانیت کا نقصان ہے۔

(جاری ہے)

جو لوگ ہم سے جدا ہو گئے، وہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ ڈاکٹر شام سندر آڈوانی نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت، سندھ حکومت اور تمام عوامی نمائندے اس کٹھن وقت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اس موقع پر کئی سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات موجود تھیں، جن میں رکن سندھ اسمبلی محمد یوسف بلوچ، شری پنچ مکھی ہنومان مندر کے گدی نشین شری رام ناتھ مشرا مہاراج، صدر کچھی مہیشوری پنچایت لچھمن مہیشوری، سماجی رہنما جوتی مہیشوری سمیت دیگر معززین موجود تھے۔ ڈاکٹر شام سندر آڈوانی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب بالخصوص صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، محترمہ فریال تالپور، بی بی آصفہ بھٹو زرداری، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ سندھ حکومت کو پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کی جانب سے سخت ہدایات ہیں کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری اور مکمل مدد فراہم کی جائے۔

اس سلسلے میں اقدامات جاری ہیں، جن پر حکومت بھرپور سنجیدگی سے عمل کر رہی ہے۔ ایس بی سی اے کے سربراہ کی معطلی اس بات کی علامت ہے کہ سندھ حکومت کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گی۔ واقعے کی شفاف تحقیقات جاری ہیں، اور ذمے داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ چاہے مہیشوری برادری ہو یا کوئی اور ہر فرد ہمارے لیے اپنے خاندان کا فرد ہے۔ اس حادثے نے ہمیں ذاتی طور پر بھی بہت متاثر کیا ہے۔ ہم دعاگو ہیں کہ رب کریم متاثرہ خاندانوں کو صبر دے۔