صدر آصف علی زرداری کے استعفیٰ کی خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں، شیری رحمان

بدھ 9 جولائی 2025 20:03

صدر آصف علی زرداری کے استعفیٰ کی خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں، شیری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے استعفیٰ سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں بے سروپا، گمراہ کن اور جمہوری ڈھانچے کو کمزور کرنے کی ایک منظم سازش قرار دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا نے کہا کہ عوام ان جعلی خبروں، افواہوں اور منفی پراپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے صدر زرداری کی جمہوری خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر نازک وقت میں جمہوریت کا پرچم بلند رکھا، اور اپنی مرضی سے تمام صدارتی اختیارات پارلیمان کو منتقل کرکے پارلیمانی نظام کی مضبوطی کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری جمہوری استحکام کی علامت اور آئینی اقدار کے سچے نگہبان ہیں۔ آج بھی وہ اتحادی حکومت کے توازن اور استحکام کا سب سے اہم ستون ہیں، جو ذاتی مفاد پر قومی مفاد کو ترجیح دینے کی سیاسی روایت کے امین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کی موجودگی اس بات کی ضمانت ہے کہ آئین، پارلیمان اور جمہوری ادارے محفوظ رہیں گے اور پارلیمانی نظام کا تسلسل برقرار رہے گا۔