پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے والے عبرت کا نشان بنیں گے‘ ضیاء الدین انصاری

بدھ 9 جولائی 2025 22:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں کرنے والے حکومتی وزراء اور نام نہاد دانشواروںکے بیانات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے والے عبرت کا نشان بنیں گے۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی سوچ رکھنے والے لوگ پاکستان کے نظریے اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تعلیمات سے غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

امریکہ کی پشت پناہی میں اسرائیل، فلسطین میں مسلمانوں کی نسل کشی کر رہا ہے، ہزاروں خاندان تباہ ہو چکے ہیں، لاکھوں مظلوم مسلمان شہید ہو چکے ہیں۔ ایسی دہشت گرد اور نسل پرست ریاست کو تسلیم کرنا انسانیت، اسلام اور پاکستان کے مفاد کے سراسر خلاف ہے۔

(جاری ہے)

ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے زور دیا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے واضح الفاظ میں اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا اصولی موقف اپنایا تھا اور آج بھی ان کے پاکستان میں اسرائیل سے محبت کرنے والوں کی کوئی جگہ نہیں۔

جماعت اسلامی اس معاملے پر کسی قسم کی سودے بازی یا خاموشی کو غداری تصور کرتی ہے۔انہوں نے اسلامی ممالک، بالخصوص پاکستان کی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں جاری صہیونی جارحیت اور اس کی امریکی حمایت کے خلاف کھل کر دوٹوک اور واضح موقف اختیار کریں۔ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی، اسلامی اخوت اور انسانی ہمدردی کا تقاضا ہے کہ اسرائیل کے خلاف عالمی سطح پر مضبوط آواز بلند کی جائے۔