مادرملت فاطمہ جناح کی 58ویں برسی پر محفل قرآن خوانی کا انعقاد' مقررین کا مادرملت کو بھرپور خراج عقیدت

بدھ 9 جولائی 2025 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) مادرملت فاطمہ جناح نے تحریک پاکستان میں اپنے عظیم بھائی کے شانہ بشانہ تاریخی کردار ادا کیااوران کی لازوال قربانیوں کی بدولت ہمیں آزادی نصیب ہوئی۔ مادرملت نے تحریک پاکستان میں حصہ لینے کیلئے برصغیر کی مسلمان خواتین کو بیدار اور متحرک کیا۔ آپ جمہوریت کی بڑی علمبردار تھیں۔ نئی نسل مادرملت کے افکارونظریات اور حیات وخدمات کا مطالعہ کرے۔

ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوانِ کارکنانِ تحریک پاکستان میں مادرملت فاطمہ جناح کی 58ویں برسی کے موقع پرمنعقدہ محفل قرآن خوانی کے بعدشرکاء سے خطاب کے دوران کیا ۔محفل کا اہتمام نظریۂ پاکستان نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔پروفیسر ڈاکٹر پروین خان نے کہا مادرملت اپنے بھائی قائداعظم کا عکس تھیں۔

(جاری ہے)

آپ اتحادِ امت اور جمہوریت کی علمبردار تھیں۔

فاطمہ جناح نے ایوب خان کا مقابلہ کیا لیکن انہیں دھاندلی سے ہروادیا گیا، یہ عظیم بہن بھائی ہمارے محسن ہیں۔چیف وہپ پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد نے کہا مادرملت فاطمہ جناح جرأت و استقامت کا پیکر تھیں ۔ آپ نے تحریک پاکستان میں قائداعظم کے شانہ بشانہ بھرپور حصہ لیا۔ تعمیرواستحکام پاکستان کیلئے بھی آپ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ خواتین ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملکی تعمیروترقی میں حصہ لیں۔

بیگم خالدہ جمیل نے کہا مادرملت فاطمہ جناح کی یاد منانے کا مقصد ان کی حیات وخدمات کے تذکرہ کے ساتھ ساتھ ان کے فرمودات پر عمل کرنے کا عزم کرنا ہے۔مادرِ ملت صورت اور سیرت دونوں لحاظ سے قائداعظم کا نقشِ ثانی تھیں۔مجاہد حسین سید نے کہ مادرِ ملت نے نہ صرف برصغیر کی خواتین کو تحریک پاکستان میں شامل کرنے بلکہ ان کی تنظیم سازی کیلئے ہندوستان بھرکے دورے کیے۔

پروفیسر محمد مظہر عالم نے کہا مادرِ ملت کی زندگی جہدِ مسلسل سے عبارت تھی۔ انہوں نے برصغیر کی مسلم خواتین کو آزادی کی خاطر جدوجہد کرنے پر آمادہ کیا۔پروفیسر انجم نظامی نے کہافاطمہ جناحنے قیام پاکستان کیلئے انتھک محنت کی اور اپنے عظیم بھائی کو گھریلو تفکرات آزاد کر کے پوری یکسوئی کے ساتھ مسلمانان ہند کی رہنمائی کے قابل بنایا۔ناہید عمران گل نے کہا مادرِ ملت نے اپنی زندگی قائداعظم اور پاکستان کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ محمد سیف اللہ چوہدری نے کہا آج اگر پاکستانی خواتین قومی زندگی میں مردوں کے شانہ بشانہ سرگرم کردار ادا کر رہی ہیں تو یہ مادرِ ملت کے عطا کردہ شعور کا ہی ثمر ہے۔