وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی کی روسی فیڈریشن کے اول نائب وزیر توانائی سے ملاقات

جمعرات 10 جولائی 2025 19:49

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سفیر سید طارق فاطمی نے جمعرات کو ماسکو میں روس کے اول نائب وزیر توانائی پاول سوروکن سے ملاقات کی۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق روسی فیڈریشن کے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران معاون خصوصی نے دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبہ میں جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ اس اہم شعبے میں باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر یقین کا اظہار بھی کیا۔

مزید برآں انہوں نے پاکستان کی توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے میں روس کے تعاون پر اول نائب وزیر توانائی سے اظہار تشکر بھی کیا۔ ملاقات کے دوران فریقین نے توانائی کے شعبے میں حکومتوں اور نجی شعبوں کی فعال شمولیت کو بھی اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی طارق فاطمی نے اس بات پر زور دیا کہ توانائی پاکستان اور روس کے درمیان تعاون کے کلیدی ترجیحی شعبوں میں سے ایک ہے۔

اس موقع پر رواں سال فروری میں اپنے کامیاب دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے روسی فیڈریشن کے اول نائب وزیر توانائی نے کہا کہ میری وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔ پاول سوروکن نے دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں بہترین تعاون کا اعتراف بھی کیا۔ انہوں نے مستقبل میں ہائیڈرو پاور، ایل پی جی اور آئل ریفائنریوں کی جدید کاری کے حوالہ سے مستقبل میں باہمی تعاون کے دیگر موزوں شعبہ جات کی نشان دہی بھی کی ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ روس توانائی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہے جو رواں سال اسلام آباد میں ہونے والے تجارت، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون پر پاکستان-روس بین الحکومتی کمیشن (آئی جی سی) کے 10 ویں اجلاس کے ایجنڈے میں ایک اہم عنصر ہو گا۔ روس کے اول نائب وزیر توانائی کے کے ساتھ وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی کی ملاقات انتہائی تعمیری اور نتیجہ خیز رہی۔ اس دوران دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں تعاون کے فروغ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبہ میں باہمی تعاون پر زور دیا گیا۔