افغان طالبان اور بھارت کا گٹھ جوڑ بے نقاب؛ سابق جنرل کے ہوشربا انکشافات

جمعرات 10 جولائی 2025 20:46

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2025ء) افغان طالبان اور بھارت کے درمیان خفیہ تعلقات کا پردہ فاش کرتے ہوئے افغان فوج کے سابق جنرل سید سمیع سادات نے ہوشربا انکشافات کیے ہیں۔ جنرل سادات کے مطابق طالبان بھارت سے مالی امداد حاصل کرتے ہیں، جس کے ذریعے پاکستان میں دہشت گرد گروپوں کی پشت پناہی کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق جنرل سمیع سادات نے کہا کہ طالبان بھارت کے ساتھ اپنے قریبی روابط کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے مخالف گروپوں کو سپورٹ کرتے ہیں۔

ان گروپوں میں فتنہ الخوارج اور بلوچ علیحدگی پسند شامل ہیں، جنہیں بھارت سے فنڈنگ ملتی ہے اور یہ گروہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ ان انکشافات کے بعد، سمیع سادات نے یہ بھی کہا کہ طالبان بھارت سے حاصل ہونے والی امداد کا استعمال پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے نیٹ ورک کو مضبوط کرنے کے لیے کرتے ہیں۔یہ طالبان کی طرف سے پاکستان کے خلاف جارحانہ سرگرمیوں کی ایک مزید تصدیق ہے، جو خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہی ہیں۔