بعض عناصر کی جانب سے اضلاع کےانضمام کے خاتمے یا ایف سی آر کی واپسی سے متعلق پھیلایا گیا پروپیگنڈا بے بنیاد، من گھڑت اور گمراہ کن ہے، انجینئر امیر مقام

جمعرات 10 جولائی 2025 22:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ بعض عناصر کی جانب سے انضمام کے خاتمے یا ایف سی آر کی واپسی سے متعلق پھیلایا گیا پروپیگنڈا بے بنیاد، من گھڑت اور گمراہ کن ہے۔ یہ بات انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی طرف سے ضم شدہ اضلاع میں انصاف کی فراہمی، ترقی اور دیگر امور پر سفارشات مرتب کرنے کیلئے بنائی گئی کمیٹی کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

یہ کمیٹی وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے، ضم شدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے سابق پارلیمنٹیرینز کے ساتھ ایک تفصیلی نشست چار گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ وزارت سیفران کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں ضم شدہ اضلاع میں فوری اور سستے انصاف کی فراہمی، روایتی جرگہ سسٹم کو مؤثر بنانے، امن و امان کے قیام اور ترقیاتی عمل کو بہتر بنانے سے متعلق جامع تجاویز پیش کی گئیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین کمیٹی نے اس موقع پر واضح کیا کہ بعض عناصر کی جانب سے انضمام کے خاتمے یا ایف سی آر کی واپسی سے متعلق پھیلایا گیا پروپیگنڈا بے بنیاد، من گھڑت اور گمراہ کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارشات آئین و قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے خیبرپختونخوا حکومت اور ضم شدہ اضلاع کے عوام کو مکمل اعتماد میں لے کر مرتب کی جائیں گی تاکہ عوام کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کیا جا سکے۔

انہوں نے خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع کی حمایت کرنے پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں سابق گورنر خیبرپختونخوا انجینئر شوکت اللہ اور سابق ایم این ایز الحاج شاہ جی گل آفریدی، شہاب الدین خان، سید غازی گلاب جمال، محمد نذیر خان،عبدالمالک وزیر، سید اخونزادہ چٹان، اور ناصر خان سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ سابق سینیٹرز ہلال الرحمان، عنایت وزیر، ملک خان مرجان، مومن خان، غالب خان وزیر اور عبدالرحمن خان بھی موجود تھے۔سابق سینیٹر و پاکستان مسلم لیگ (ن )کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات زاہد خان نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔