مالی سال 25-2024 کے دوران پاکستان ریلوے کی آمدنی میں 5ارب روپے کا اضافہ ہوا، حنیف عباسی

جمعہ 11 جولائی 2025 18:30

مالی سال 25-2024 کے دوران پاکستان ریلوے کی آمدنی میں 5ارب روپے کا اضافہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)وفاقی وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال 25-2024کے دوران پاکستان ریلوے کی آمدنی میں 5ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے، اس دوران 93 ارب روپے آمدن حاصل ہوئی ،مسافر ٹرینوں سے 47.5ارب روپے جبکہ مال بردار گاڑیو ں سے حاصل ہونے والی 31.5ارب روپے کی نمایاں آمد ن شامل ہے۔

وزارت ریلوے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کا اختتام ریلوے کی تاریخ ساز آمدنی سے ہوا اور دوران سال پاکستان ریلویز نے 93ارب روپے کی آمدنی حاصل کی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ دوران سال مسافر ٹرینوں سے ساڑھی47 ارب جبکہ مال گاڑیوں سے ساڑھے 31 ارب روپے حاصل ہوئے اورملٹری ٹریفک سے 1.5 ارب جبکہ دیگر کوچنگ ذرائع سے 3 ارب روپے کی آمدن ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر ریلوے نے کہا کہ اس کے علاوہ متفرق ذرائع سے ساڑھے 9 ارب روپے حاصل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی 78سالہ قومی تاریخ میں یہ ریلوے کی آمدن کی بلند ترین سطح ہے۔حنیف عباسی نے کہا کہ مالی سال 24-2023 کے دوران پاکستان ریلویز نے 88 ارب روپے کمائے تھے۔ ا س طرح گزشتہ مالی سال کے دوران آمدنی میں 5ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔انہو ں نے کہا کہ مسافر ٹرینوں کے شعبے میں کراچی ڈویڑن کا ریونیو سب سے زیادہ رہا ہے اورکراچی ڈویژن نے مالی سال میں 14.75ارب روپے آمدن حاصل کی ہے ، اسی طرح 11.25ارب روپے سے زائد آمدن کے ساتھ لاہورڈویژن دوسرے نمبر پر رہا جبکہ ہیڈ کوارٹرز اورملتان ڈویژن نے بالترتیب 5.25 ارب روپے اور 5ارب روپے کمائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سکھر ڈویژن کی آمدن 4.8ارب روپے اورراولپنڈی ڈویژن کی آمدن 4.7ارب روپے رہی جبکہ پشاور نے 1.25ارب روپے کا ریونیو جنریٹ کیا اور کوئٹہ نے 52 کروڑروپے کی آمدن حاصل کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مال بردار گاڑیوں کی آمدنی کے حوالے سے کراچی ڈویڑن 28ارب روپے کے ساتھ پہلے جبکہ ملتان ڈویژن ایک ارب روپے کے فریٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ڈویژن کا فریٹ ریونیو83 کروڑروپے ، پشاور 77 کروڑروپے ، راولپنڈی 31 کروڑروپے ، سکھر 28 کروڑروپے اور کوئٹہ ڈویژن نے 10 کروڑ روپے کا فریٹ ریونیو کمایا ہے۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ محدود وسائل کے ساتھ شاندار کارکردگی پر ریلوے انتظامیہ تعریف کی مستحق ہے، آئندہ سال مال بردار گاڑیوں سے 70 فیصد تک انکم جنریشن کوممکن بنائیں گے۔ ریلوے مزدوروں کو سلام پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریلوے مزدور نے ادارے کے استحکام کیلئے اپنا خون پسینہ بہایاہے۔