بے گناہ مسافروں کو یرغمال بنانا،جانوں سے کھیلنا اوربدامنی پھیلانے کی سازشیں کسی بھی صورت قابل قبول نہیں،جمعیت علماء اسلام بلوچستان

جمعہ 11 جولائی 2025 22:29

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی بیان میں میختر سری ڈھاکہ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی بربریت اور ناقابل معافی جرم قرار دیا ہے۔بیان میں کہا کہ بے گناہ مسافروں کو یرغمال بنانا، مسافروں کی جانوں سے کھیلنا اور بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی سازشیں کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔

دہشت گردوں کا یہ سفاکانہ حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک دشمن عناصر بلوچستان میں امن و امان کی فضا کو خراب کرنے کے درپے ہیں۔بیان میں کہا کہ بلوچستان کے عوام پر حملے کرنے والے دہشت گرد دراصل پاکستان کے دشمنوں کے آلہ کار ہیں اور ان کا مقصد صوبے میں خوف و ہراس پھیلانا، ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا اور عام عوام کو مشکلات میں مبتلا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ریاست مخالف عناصر کی کاروائیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیمیں بیرونی قوتوں کے اشاروں پر چل کر بلوچستان میں خانہ جنگی کی کیفیت پیدا کرنا چاہتی ہیں، مگر پاکستان کے باشعور عوام ان کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ بلوچستان کے لوگ دہشت گردی کے خلاف ہیں اور وہ اپنے صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔

بیان میں حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس حملے میں ملوث دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور انہیں عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی ملک دشمن عناصر بے گناہ شہریوں پر حملے کرنے کی ہمت نہ کر سکیں۔ بلوچستان میں بدامنی پیدا کرنے کی کوششیں درحقیقت ایک بڑی سازش کا حصہ ہیں اور اس کا مقصد نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کو عدم استحکام کی طرف لے جانا ہے۔

صوبائی بیان میں کہا کہ حکومت اور ریاستی ادارے اپنی ذمہ داری پوری کریں اور بلوچستان کے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے کی پالیسی ختم کریں۔ عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، اور اس قسم کے سانحات کے اعادہ کو روکنے کے لیے ٹھوس سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت قومی یکجہتی کا ہے، عوام کو چاہیے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہوں اور ہر اس قوت کا مقابلہ کریں جو بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کے درپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، لیکن پاکستانی عوام، خصوصاً بلوچستان کے عوام، انہیں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔