پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی منظر عام پر ، پارٹی بانی کی رہائی سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہوئی

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے حالیہ اجلاس کی اندرونی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جن کے مطابق اجلاس میں پارٹی بانی کی رہائی سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہوئی، جب کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے لاہور دورے پر پارٹی کے اندر واضح اختلافات اور تحفظات سامنے آئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پنجاب سے تعلق رکھنے والے کور کمیٹی اراکین نے علی امین گنڈا پور کی ریلی کی پیشگی اطلاع نہ دینے پر ناراضی کا اظہار کیا۔ اراکین کا کہنا تھا جب واقعی ضرورت تھی، تب ریلی کیوں نہیں نکالی گئی اب جب ریلی نکالی جا رہی ہے تو ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ذرائع کے مطابق، میاں اسلم اقبال نے مؤقف اختیار کیا کہ علی امین گنڈا پور کو جی ٹی روڈ پر رک رک کر آنا چاہئے تھا، تاکہ عوامی تاثر بہتر بنتا۔

(جاری ہے)

تین سو گاڑیاں لے کر براہِ راست لاہور پہنچنے سے کوئی سیاسی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔ اس مؤقف کی نور الحق قادری نے بھی تائید کی۔ریجنل صدر لاہور کا شکوہ تھا کہ ہم راوت اور مندرہ میں عوامی استقبال کے لیے تیار تھے، مگر سینٹرل لیڈرشپ نے ہمیں کچھ نہیں بتایا۔ کور کمیٹی نے اگرچہ پنجاب کو قیادت کو ویلکم کرنے کا ٹاسک دیا، مگر ذرائع کے مطابق، پنجاب کے اکثر اراکین نے استقبال نہ کرنے پر اتفاق کیا۔ یہ اندرونی اختلافات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پی ٹی آئی شدید سیاسی دباؤ کا شکار ہے، اور پارٹی کے اندر تنظیمی ہم آہنگی کی کمی واضح ہوتی جا رہی ہے۔