کوئٹہ واقعہ درندگی، پاکستان کی وحدت پر حملہ اور انسانیت سوز سانحہ ہے، حافظ احمد علی

ہفتہ 12 جولائی 2025 22:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء) جمعیت علمائے اسلام پاکستان (رابطہ) کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری حافظ احمد علی نے کوئٹہ میں مسافر بس سے اتار کر پنجابی شناخت پر 9 افراد کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی وحدت، سالمیت اور انسانی شرافت پر کھلا حملہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زبان، نسل یا علاقے کی بنیاد پر قتل و غارت گری دہشت گردی کا بدترین چہرہ ہے، اور ریاست اگر ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی نہیں کرتی تو یہ خاموشی خطرناک نتائج پیدا کرے گی۔

اس موقع پر جے یو آئی یوتھ ونگ کراچی کے صدر رانا محمد صابر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے اس المناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ صرف پنجابی بھائیوں پر نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم پر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو لسانیت، تعصب اور نفرت سے نکال کر وحدتِ ملت کے پیغام پر لانا ہی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

حافظ احمد علی نے کہا کہ حکومت، قانون نافذ کرنے والے ادارے، اور صوبائی مشینری کو اس اندوہناک سانحے پر مجرمانہ خاموشی ترک کرنا ہوگی۔ یہ کیسا قانون ہے جہاں معصوم شہری صرف اپنی زبان اور شناخت کی بنیاد پر بسوں سے اتار کر مار دیے جاتے ہیں، اور قاتل دندناتے پھر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اس ظلم پر بیلاگ، متحدہ اور غیر مشروط مذمت کرنی چاہیے۔

بلوچستان کسی ایک قومیت، مسلک یا لسانی گروہ کا نہیں بلکہ پاکستان کا دل ہے ظ اور اگر وہاں خون بہتا رہے گا تو پورا ملک متاثر ہوگا۔انہوں نے میڈیا، صحافیوں، اہل قلم اور دانشوروں سے اپیل کی کہ وہ ان واقعات پر سچ بولیں، خاموشی اختیار نہ کریں، کیونکہ اگر مظلوموں کی لاشیں بھی خبروں کی ترجیح نہ بن سکیں تو معاشرہ بیحسی کی ایسی دلدل میں گر جائے گا جہاں سے نکلنا ممکن نہ ہوگا۔

آخر میں حافظ احمد علی اور رانا محمد صابر نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت، اور مجرموں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان (رابطہ) اس واقعے پر ملک گیر مذمتی مہم شروع کرے گی اور متاثرہ علاقوں میں امن و اتحاد کے لیے رابطہ مہم کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں جگہ دے، لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، اور ملک دشمن دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچائے۔