بلوچستان میں مسلح افراد کی جانب سے بس مسافروں کے قتل کا اندوہناک واقعہ صوبائی و نسلی تعصبات پھیلانے کی سازشوں کی کڑی ہے، جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:55

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے ژوب اور باجوڈ میں دہشت گردی کے انسانیت سوز واقعات کی شدید مذمت کی ہے، اور دھشت گردی کا شکار ہونے والے مسافروں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مسلح افراد کی جانب سے بس مسافروں کے قتل کا اندوہناک واقعہ صوبائی و نسلی تعصبات پھیلانے کی سازشوں کی کڑی ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ حکمران عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں ۔

باجوڈ میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما مولانا جہانزیب کے بہمانہ قتل کی جتنی بھی مزمت کی جائیں کم ہے ۔دھشت گرد ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے اسے بدترین دہشت گردی قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

اور کہا کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کریں اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں۔

حکومت اور سیکیورٹی ادارے عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مسلسل ناکام ہورہے ہیں۔وفاقی و صوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔علاوہ ازیں ڈپٹی سیکرٹریز عطیہ نثار، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی،ڈاکٹر زبیدہ جبیں،عفت سجاد،عائشہ سید اور ڈپٹی سیکرٹری و ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے اہل خانہ سے اپنے تعزیتی بیان میں المناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فی الفور واقعے کی تحقیقات،ذمہ دار عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے