د* سرڈاکامیں واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، چوہدری نعیم کریم

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:55

`کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مرکزی سینئررہنماچوہدری نعیم کریم نے ژوب کے علاقے میں مسافربسوں سے شناخت کے بعد شہریوں کو اتار کرشہید کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں سیکورٹی فورسز دہشتگردوں کو گرفتا ر کرکے قرار واقعی سزا دلائیں۔ مسلم لیگ(ن)بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ ژوب کے علاقے سرڈاکامیں پنجاب جانے والی مسافر بسوں سے مسافروں کو اتار کر شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد فائرنگ کرنے کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے دہشت گرد عناصر اپنے مذموم مقاصد اور غیرملکی آقاوں کی خوشنودی کیلئے ایسے واقعات کرکے قوموں کے درمیان نفرتیں پیدا کرنے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہیں لیکن دہشت گرد عناصر کسی بھی صورت اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت شہریوں اور سیکورٹی فورسز کو نشانہ بناکر ملک میں عدم استحکام اور انتشار پھیلانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پاک فوج اوردیگر سیکورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں اور انشا اللہ وہ وقت دور نہیں ہے جب ملک سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کردیا جائے گا۔

انہوں نے صوبائی حکومت قومی شاہراہوں پر سفر کو محفوظ بنانے اورعوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے موثر اورعملی اقدامات کو یقینی بنائیں اور ژوب کے علاقے میں دہشتگردی کے واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سز ا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو اس قسم کے واقعہ کی جرات نہ ہوسکے۔ چوہدری نعیم کریم نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان شہدا کے خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔