کشمیری شہدا کی لازوال قربانیاں تاریخ کا سنہرا باب ہیں،بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈے کشمیری قوم کے جذبہ آزادی کو کمزور نہیں کر سکتے،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

ہفتہ 12 جولائی 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصرنے کہا ہے کہ 13 جولائی 1931ء کا دن کشمیری تاریخ میں قربانی، حریت پسندی اور جذبہ آزادی کی لازوال علامت ہے، اس دن اذان کی صدا بلند کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے 22 کشمیری نوجوانوں نے ثابت کیا کہ آزادی کا خواب خون سے سینچا جاتا ہے۔ہفتہ کو یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنی جدوجہدِ آزادی میں بے شمار جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور آج بھی مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی سیاہ رات چھائی ہوئی ہے۔

بھارتی افواج کے بدترین مظالم اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کے باوجود کشمیری عوام کا حوصلہ اور جذبہ آزادی نہ تو ماضی میں کم ہوا اور نہ آئندہ کبھی کم ہو گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصرنے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہد صرف اپنی زمین اور شناخت کے تحفظ کی نہیں بلکہ انسانی وقار، حقِ خودارادیت اور عالمی انصاف کی لڑائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی المیے کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور کشمیری عوام کی داد رسی کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور پوری قوم کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہر بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر اجاگر کیا ہے۔

انہوں نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں، اقوامِ متحدہ اور بااثر عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لیں ۔سیدال خان ناصرنے اس موقع پر شہدائے کشمیر کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے کشمیر کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اوروہ دن دور نہیں جب مقبوضہ وادی میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔