صوبہ خیبر پختونخوا کے مسائل مل کر حل کرنے ہوں گے، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی

اتوار 13 جولائی 2025 13:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہمیں ہمارے صوبہ کے مسائل مل کر حل کرنے ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف سماجی و قبائلی راہنماء ڈاکٹر عبدالقادر اورکزئی کی جانب سے دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کے دوران کیا۔ عشائیہ سے پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا، قبائلی رہنماء ڈاکٹر عبدالقادر اورکزئی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے ڈاکٹر عبدالقادر اورکزئی کے بھائی سابق پارلیمانی لیڈر منیر خان اورکزئی مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام اور قبائل دوست شخصیت تھے، ان کے مشن کی تکمیل کےلیے ان کے بھائی اور دیگر ساتھیوں کو کردار ادا کرنا چاہیئے،باجوڑ ہو یا وزیرستان تمام قبائلی علاقوں کے مسائل ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے، ہمیں سیاسی اختلاف کو بالائے طاق رکھ کر مل بیٹھ کر خود ہی ان مسائل کو حل کرنا ہوگا،،کرم کے حالات پر ہم نے جرگہ بنایا، پھر آل پارٹیز کانفرنس کی، ذمہ داری صوبائی حکومت کی تھی مگر ہم نے سیاست سے بالا تر ہوکر کام کیا، اب کرم کے روڈ کے کھلنے کے منتظر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز نے ہمیشہ قبائل کی ترجمانی کی ہے اور میں بطور آپکا وکیل موجود ہوں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان عالمی قوتوں کے عزائم کا مرکز رہا اور اس کے گولہ و بارود کو ہم بھگت رہے ہیں ، سات سو ارب ہمارے صوبہ میں آئے مگر پولیس کے پاس وسائل کی کمی ہے ،اس کے باوجود ہماری پولیس سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے قبائلی عمائدین کی کمیٹی بنارہے ہیں ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے عوامی امنگوں کی ترجمانی کی ہے، 26 مئی کو صوبہ بچاؤ مہم کے تحت کامیاب احتجاج نے صوبائی حکومت کو پریشان اور پیپلز پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ کیا ہے۔ میزبان ڈاکٹر عبدالقادر اورکزئی نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے فاٹا کےلیے ہمیشہ کام کیا، بھٹو شہید کا ایک وژن تھا، قبائل کے دورے کئے، ملازمتوں میں کوٹہ دیا، وہ قبائل کے محسن تھے، ایف سی آر میں اصلاحات پیپلز پارٹی نے کی اور قبائل کو ووٹ کا حق دیا،قبائل میں پولیٹیکل پارٹی ایکٹ کا دائرہ کار بڑھایا،آنے والا دور پیپلز پارٹی کا ہے۔ اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا اور رکن صوبائی اسمبلی ارباب زرک خان خلیل کو پگڑیاں پہنائی گئیں۔