ٹرمپ کی ثالثی پیشکش سے مسئلہ کشمیرکو بین الاقوامی سطح پر ایک نئی جہت ملی ہے ،صدرآزادکشمیر

بھارتی مکروہ چہرے کے حقائق دنیا کے سامنے لانے کیلئے یورپی یونین کو مسئلہ کشمیر پر اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کرنا چاہیے ،بیرسٹرسلطان محمود

اتوار 13 جولائی 2025 15:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء) صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ یورپی یونین مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے،کیونکہ جنوبی ایشیا میں قیام امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے،بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہا ہے اور اب بھارت نے ان مظالم میں مزید اضافہ کر دیا ہے ،یورپی یونین کو مسئلہ کشمیر پر اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کرنا چاہیے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالی اوربھارت کے مکروہ چہرے کے حقائق دنیا کے سامنے آ سکیں،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی ہے امریکی صدر کی اس پیشکش سے مسئلہ کشمیرکو بین الاقوامی سطح پر ایک نئی جہت ملی ہے اور دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر پر مرکوز ہوئی ہے تو ایسے وقت میں دنیا بھر میں مقیم کشمیری بالخصوص یورپی یونین کے ممالک میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا رول اداکریں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سفارتی سطح پر اپنی آواز بھرپور انداز میں بلند کریں،یورپی پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم پر ایماء نکلسن رپورٹ بھی پیش کی تھی جس میں مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالی سمیت گمنام قبروں کی دریافت کا تفصیلی ذکر کیا گیا تھا، جبکہ یورپی پارلیمنٹ وقتا وفوقتا- مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پر آواز اٹھاتا رہتا ہے ،لہٰذا بیرون ممالک بالخصوص یورپی یونین میں آباد کشمیریوں کو بھرپور انداز میں کشمیری عوام کا مقدمہ انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے پیش کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں یورپی یونین کے لیے اپنے صدارتی مشیر چوہدری نصیر احمد سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یورپی یونین کے لیے صدارتی مشیر چوہدری نصیر احمد کو ہدایت کی کہ وہ یورپی یونین اور یورپی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پر توجہ مبذول کرنے کے لیے پورے شدو مد سے اپنا رول ادا کریں کیونکہ پاک بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی ایٹمی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔

لہذا عالمی برادری بالخصوص یورپی یونین جنوبی ایشیا میں قیام امن کے لیے مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لیے اپنا کردار اداکرے۔ اس موقع پر یورپی یونین کے لیے صدارتی مشیر چوہدری نصیر احمد نے صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو برسلز کے دورے کی دعوت دی جو کہ صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے قبول کر لی تاریخ کا ا علان جلد ہی کیا جائے گا۔اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور یورپی یونین کے لیے صدارتی مشیر چوہدری نصیر احمد کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔