وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی دنیا پور آمد، بلوچستان میں شہید ہونے والے دو بھائیوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی

اتوار 13 جولائی 2025 20:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے اتوار کے روز دنیا پور میں بلوچستان میں شہید ہونے والے دو بھائیوں عثمان طور اور جابر طور کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وفاقی وزیر نے شہداء کی والدہ کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس قوم کے پاس ایسی دلیر مائیں ہوں، اُسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔انہوں نے کہا کہ دنیا پور کی اس عظیم ماں نے دنیا بھر میں شجاعت و قربانی کی نئی مثال قائم کی ہے۔شہداء کی والدہ سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ آپ نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، آپ کی ہمت اور حوصلہ پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو بلند درجات اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں نفرت، تقسیم اور دہشتگردی کا بیج بونے والوں کو ناکامی اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پوری قوم، اپنی افواج اور اداروں کے ساتھ کھڑی ہے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف یہ جنگ ہر قیمت پر جیتی جائے گی۔