راولپنڈی سے ملتان جا نے والی مسافر بس حادثہ کا شکار،کم از کم چھ مسافر جاں بحق اور متعدد زخمی

اتوار 13 جولائی 2025 23:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) راولپنڈی سے ملتان جا نے والی مسافر بس چکری کے قریب پھسل کر حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں کم از کم چھ مسافر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ اتوار کو چکری کے قریب پیش آیا، جہاں بارش کے بعد سڑک پر پھسلن کی وجہ سے ڈرائیور سے گاڑی بے قابو ہوگئی۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس (این ایچ ایم پی) کے ترجمان کے مطابق حادثہ میں چھ افراد جاں بحق جبکہ چھ مسافر شدید زخمی ہوگئے اور 21 افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔

انہیں موٹروے پولیس، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے چکوال کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ حالیہ بارش کی وجہ سے سڑک پر بہت زیادہ پھسلن تھی، جس کے باعث ڈرائیور بس پر کنٹرول نہ رکھ سکا۔

(جاری ہے)

حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس، ایف ڈبلیو او اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مشترکہ ریسکیو آپریشن شروع کیا۔

واقعے کے بعد موٹر وے ایم 2 نارتھ زون کے سیکٹر کمانڈر اور چکری بیٹ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) سمیت اعلیٰ افسران ڈی ایچ کیو چکوال اور اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال پہنچے، جہاں انہوں نے ریسکیو آپریشنز اور زخمیوں کے علاج معالجہ کی نگرانی کی۔ جاں بحق مسافروں کی شناخت ان کے اہل خانہ کی تصدیق تک ظاہر نہیں کی گئی۔ حکام کی جانب سے سوگوار خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں اور ڈرائیورز کو مشورہ دیا گیا ہے کہ خراب موسم میں سفر کے دوران انتہائی احتیاط برتیں۔