بھارتی ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسیاں مسئلہ کشمیر کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں،حریت کانفرنس

پیر 14 جولائی 2025 23:14

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی پر مبنی ظالمانہ پالیسیاں خطے میں امن اور تنازعہ کشمیر کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مودی حکومت کی جانب سے 13جولائی 1931کے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مزار شہداء نقشبند صاحب کی طرف مارچ پر پابندی سمیت انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں پرسخت تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ کرفیو جیسی پابندیوں،مزار شہدا نقشبند صاحب سرینگر کی طرف جانیوالے راستوں کی ناکہ بندی اور سیاسی رہنمائوں کی نظربندی سے مقبوضہ علاقے کی صورتحال میں بہتری کے مودی حکومت کے دعوے بری طرح بے نقاب ہو گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی جائز جدوجہد کودبا نہیں سکتا۔

حریت ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرے۔ادھر کے ایم ایس کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت امرناتھ یاترا کومقبوضہ کشمیر پر اپنے فوجی تسلط کو طول دینے کیلئے استعمال کر رہا ہے۔

ہندو یاتریوں کے تحفظ کی آڑ میں، بھارت نے ہزاروں اضافی فوجی اہلکاروں کو مقبوضہ علاقے میں تعینات کردیا ہے اوردوسری جانب پاکستان اور کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک آزادی کو بدنام کرنے کے لئے سرحد پار سے خودساختہ خطرات کے شوشے چھوڑ رہا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ درحقیقت مودی حکومت امرناتھ یاترا کو اپنے نوآبادیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال کر رہی ہے تاکہ مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل اور کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی کو دبایا جاسکے ۔

دریں اثنا ء ضلع گاندربل کے علاقے صفا پورہ کے رہائشیوں نے ایک خاتون کے پراسرار قتل پر احتجاج کیا اور ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے احتجاج کے بعد مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔مظاہرین نے ماضی میں پیش آنے والے ایسے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ان واقعات میں متاثرہ خاندانوں کو آج تک انصاف نہیں مل سکا ہے ۔