Live Updates

پنجاب حکومت نے پاکستان کی پہلی پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی لانچ کر دی

پیرا اگلے ہفتے سے لاہور ڈویڑن میں پوری طرح سرگرم عمل ہوگی، پیرا پنجاب بھر میں مہنگائی،ذخیرہ اندوزی اور قبضہ مافیا کیخلاف منظم کارروائیاں کرے گی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 14 جولائی 2025 19:38

پنجاب حکومت نے پاکستان کی پہلی پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 جولائی 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کی پہلی پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی لانچ کر دی ہے۔ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی اگلے ہفتے سے لاہور ڈویڑن میں پوری طرح سرگرم عمل ہوگی۔ پنجاب بھر میں پیرا دسمبر تک لانچ کر دی جائے گی۔ ایکسپوسنٹر لاہور میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پیرا فورس سے ملاقات کی،گاڑیوں اور موٹر بائیکس کامعائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خواتین ایس ڈی ای او کو دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پیرا سٹیشن تھری ڈی ماڈل، ہتھیار، حفاظتی آلات، شیلڈ اور دیگر گیجٹ کا بھی معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پیرا سٹیشن پر بٹن دبا کر ٹوکن حاصل کرنے اور شکایت کے اندراج کے عمل کا مشاہدہ کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے انفورسمنٹ ا سٹیشن کنٹرول روم،ا نویسٹی گیشن روم، کانفرنس روم، ہراستی کمرے، ویٹنگ اور بیرکس وغیرہ کا معائنہ کیا۔ تقریب میں پیرا کے چاک وچوبند دستے نے مارچ پاسٹ کیا اور مارشل آرٹ کا مظاہرہ بھی پیش کیا۔ پیرا فورس کے دستے نے نقص امن کے سدباب کے لئے مظاہرین کو روکنے کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور ڈویڑن کی پیرا فورس کا معائنہ کیا اور موک انفورسمنٹ سٹیشن پر کارروائی کا مشاہدہ بھی کیا۔

پیرا فورس نے تقریب کے دوران آپریشنل امورکی انجام دہی کا مظاہرہ بھی کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پیرا ٹریننگ کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے چار افسران کو سرٹیفکیٹ دیئے۔ ڈی جی پیرا کیپٹن (ر) فرخ عتیق نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی غرض وغایت تفصیل سے بیان کیں۔ ڈجی جی کیپٹن(ر)فرخ عتیق نے پیرا قیام کے لئے غیر مشروط سپورٹ پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

ڈی جی پیرا فرخ عتیق نے تقریب کے شرکاء  کو بتایا کہ لاہور ڈویڑن کے بعد پیرا دسمبرتک صوبے بھر پوری طرح فعال ہوکر فرائض سرانجام دے گی۔ پیرا پنجاب بھر میں مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف منظم کارروائیاں کرے گی۔ پیرا بننے سے صوبے کے ہر چھوٹے بڑے شہر، تحصیل، ضلع اور ڈویڑن میں ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ پیرا صوبے بھر میں زمینوں پر ناجائزقبضوں کو واگزار کرانے کے لئے کارروائی کرے گی۔

پیرا قبضہ مافیاکے خلاف کمزور طبقے اور انویسٹر کا حکومت پر اعتماد بحال کرے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پیرا قانون کے نفاذ میں کمزوریوں کے کلچر میں تبدیلی لائے گی۔ پیرا ناصرف کارروائیاں بلکہ شفاف تفتیش اور مضبوط پراسیکیوشن کا بھی اہتمام کرے گی۔ پیرا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی منظوری سے پیرا ہیڈکوارٹر، پیرا لائنز اور پیرا ٹریننگ سیل قائم کرے گی۔ تقریب میں صوبائی کابینہ،ارکان اسمبلی،سیکرٹریز اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات