ڈیرہ غازی خان میں بین المسالک ہم آہنگی، قومی اتحاد اور قیام امن کیلئے سیمینار کا انعقاد

پیر 14 جولائی 2025 22:50

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ڈیرہ غازی خان میں بین المسالک ہم آہنگی، قومی اتحاد اور قیام امن کے لیے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں پاکستان علما ئے کونسل کے چیئرمین علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی، ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجاد حسن خان، کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری، معروف عالم دین مولانا ضیااللہ شاہ بخاری سمیت تمام مکاتب فکر کے جید علما کرام نے شرکت کی۔

ڈویژن بھر کے اضلاع لیہ، راجن پور اور مظفرگڑھ سے بھی علما اور امن کمیٹیوں کے ارکان نے ویڈیو لنک کے ذریعے سیمینار میں شرکت کی۔علامہ طاہر محمود اشرفی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سالمیت، قومی وحدت اور اتحادِ امت وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

علما کرام اپنی تقریروں، خطابات اور مذہبی اجتماعات میں بھائی چارے، برداشت اور امن کا پیغام عام کریں تاکہ معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملے اور فتنہ و فساد کی کوئی گنجائش باقی نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ علما ہمیشہ اتحاد و امن کے لیے صف اول میں رہے ہیں اور یہ مشن جاری رہے گا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا کہ قیام امن اور بین المسالک ہم آہنگی کے لیے علما کرام کا کردار لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور علما کے باہمی تعاون سے معاشرے میں امن، برداشت اور رواداری کے کلچر کو فروغ دیا جائے گا، اور پولیس کی تمام تر حکمت عملیوں میں علما کی مشاورت کو شامل رکھا جائے گا۔

کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ محرم الحرام جیسے حساس مواقع پر علما کرام نے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا ہے اور ماضی کی طرح اس سال بھی عشرہ محرم پرامن ماحول میں گزرا، جس پر تمام علما اور عوام کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ امن کے قیام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ہر سطح پر علما کے ساتھ کھڑی ہے۔

مولانا ضیااللہ شاہ بخاری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر سطح پر ناکام بنایا جائے گا۔سیمینار کے اختتام پر علما کرام نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم سب پاکستانی ہیں، ہم سب مسلمان ہیں اور ہم سب ایک ہیں۔انہوں نے دشمن کی جانب سے معاشرتی انتشار، سازشوں اور فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ اتحاد، بھائی چارہ اور مذہبی رواداری ہی پاکستان کی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے۔