بلاول بھٹو زرداری کا کرن تھاپر کو دیا گیا انٹرویو پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے،چوہدری محمد شبیر

سخت گیر اور تجربہ کار بھارتی صحافی کرن تھاپر کے سامنے اس اعتماد سے بات کرنا بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی بصیرت اور سفارتی مہارت کا ثبوت ہے

منگل 15 جولائی 2025 16:09

برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)فخر ڈڈیال سینئر نائب صدر پاکستان پیپلزپارٹی برمنگھم برطانیہ چوہدری محمد شبیر نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بھارتی صحافی کرن تھاپر کو دیے گئے انٹرویو کو پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دے دیا ہے۔چوہدری محمد شبیر نے اپنے بیان میں کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کرن تھاپر کو دیا گیا انٹرویو پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی نہ صرف نوجوان قیادت کے نمائندہ ہیں بلکہ پاکستان کیلیے ایک باوقار عالمی آواز بھی بنتے جا رہے ہیں،ان کی جانب سے دہشتگردی پر عالمی سطح پر مقدمہ جس اعتماد،تیاری اور تدبر سے پیش کیا گیا وہ قابل ستائش ہے۔

انھوں نے کہا کہ سخت گیر اور تجربہ کار بھارتی صحافی کرن تھاپر کے سامنے اس اعتماد سے بات کرنا بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی بصیرت اور سفارتی مہارت کا ثبوت ہے،کرن تھاپر بار بار الجھے اور غیر متوازن نظر آئے لیکن سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری پورے مکالمے میں مدلل،پراعتماد اور واضح مؤقف کے ساتھ نمایاں رہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ کرن تھاپر وہی بھارتی صحافی ہیں جن کے انٹرویو کے دوران نریندر مودی مائیک اتار کر چلے گئے تھے لیکن بلاول بھٹو زرداری نا صرف ان کے سامنے ڈٹے رہے بلکہ گفتگو کا رخ اپنے حق میں موڑ لیا،یہ انٹرویو صرف الفاظ کی ادائیگی نہیں بلکہ پاکستان کی مؤثر سفارتی نمائندگی تھا جس کی عالمی منظر نامے میں شدید ضرورت ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری صرف ایک سیاستدان نہیں بلکہ 3 نسلوں کے سیاسی اور نظریاتی تسلسل کے وارث ہیں۔ پیپلز پارٹی کی قیادت عارضی مقبولیت کی بنیاد پر سیاست نہیں کرتی،پارٹی قیادت تاریخ کے شعور کے ساتھ مسلسل آگے بڑھتی رہی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا انٹرویو سیاسی بلوغت، نظریاتی پختگی اور بھرپور تیاری کا مظہر تھا۔

یہ صرف ایک میڈیا سیشن نہیں بلکہ پاکستان کی تاریخ، مؤقف اور وژن کی مکمل ترجمانی تھا۔بلاول بھٹو نے دنیا کو باور کروایا کہ پاکستان دفاعی نہیں بلکہ دلیل، اصول اور تاریخ کے ساتھ اپنی خارجہ پالیسی آگے بڑھا رہا ہے، بھارت سے تجارت، گیس پائپ لائن منصوبے اور مسئلہ کشمیر جیسے معاملات پر پارٹی کا مؤقف ہمیشہ قومی مفاد اور جمہوری اصولوں پر مبنی رہا ہے، بلاول بھٹو آج اسی نظریے کے تسلسل کے طور پر ابھر رہے ہیں۔